نئی دہلی۔10اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم نریندر مودی توقع ہے کہ 12اگست کو سیاچن گلیشر کا دورہ کریں گے ۔ جموں و کشمیر میں لداخ کے ضلع لیہہ کا دورہ کرنے کے دوران یہاں بھی جائیں گے ۔ ان کے پیشرو منموہن سنگھ نے 2005ء میں دنیا کے سب سے اونچے و بلند پہاڑی علاقہ کا دورہ کیا تھا جس کو جنگی میدان کہا جاتا ہے ۔ وزیراعظم مودی بھی منگل کو سیاچن گلیشر کا دورہ کریں گے ۔ فوجی ذرائع نے کہا کہ مودی لداخ کے اضلاع کارگل اور لیہہ آرہے ہیں ۔ فوجی سربراہ دلبیر سنگھ سوہاگ بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوں گے ۔ توقع ہے کہ وزیراعظم وہاں تعینات سپاہیوں سے بات چیت بھی کریں گے ۔ گلیشر پر تقریباً 3000 سپاہیوں کو تعینات کیا گیا ہے جہاں منفی صفر درجہ حرارت ہوتا ہے اور سرما میںیہ منفی 60ڈگری تک سردی بڑھ جاتی ہے ۔ اس علاقہ میں زیادہ تر فوجی چوکیاں 16000فٹ پر واقع ہیں اور ان میں سے سب سے زیادہ اونچی چوٹی یعنی 22000فٹ بلندی پر بانا چوٹی ہے ۔سیاچن گلیشر دنیا کا بلند ترین میدان جنگ ہے جہاں ہندوستانی اور پاکستانی فوج مستقل طور پر تعینات رہتی ہے لیکن شدید ناسازگار موسم کی وجہ سے تعیناتی کی مدت دو ماہ سے زیادہ نہیں ہوتی ۔ اس کے باوجود اس علاقہ کیلئے ہند ۔پاک جنگ ہوچکی ہے ۔