وزیر اعظم کا آج سے دورۂ کیرالا

تھرواننتاپورم 2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام )وزیر اعظم منموہن سنگھ کیرالا کے سہ روزہ دورہ پر کل شام یہاں پہنچیں گے جبکہ ریاستی دارالحکومت اور کوچی میں ان کا مصروف شیڈول رہے گا۔ ایر پورٹ پر استقبال کے بعد ڈاکٹر سنگھ سنٹرل یونیورسٹی آف کیرالا کے کپیٹل سنٹر کے قیام کے ضمن میں راج بھون میں ایک تقریب میں شرکت کریں گے ۔ اس دوران ذرائع نے کہا کہ وزیر اعظم کل نئی دہلی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اس اندیشے کو دور کرنے کی کوشش کریں گے کہ پالیسی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے۔ وہ معیشت کے فروغ کیلئے اقدامات کی صراحت کے علاوہ کرپشن اور قیمتوں میں اضافہ کے مسائل سے نمٹنے کیلئے جاری کوششوں کو بھی بیان کریں گے ۔ ڈاکٹر سنگھ کی جانب سے مختلف شعبوں جیسے مینوفیکچرنگ ،روزگار اور چھوٹی صنعتوں میں ترقی کو اجاگر کرنے کا امکان ہے۔