وزیر اعظم کالا دھن رکھنے والوں کے خادم بن گئے ‘ سدھاکر ریڈی

حیدرآباد ۔ 28 نومبر ( سیاست نیوز) جنرل سکریٹری سی پی آئی مسٹر ایس سدھاکر ریڈی نے الزام عائد کیا کہ کالا دھن رکھنے والوں کیلئے وزیراعظم نریندر مودی خادم کی حیثیت سے کام کر رہے ہیں ۔ بیرونی ممالک میں موجود کالے دھن کو لانے میں ناکام ثابت ہوجانے ۔ بڑے کرنسی نوٹوں کو منسوخ کرکے عام و غریب آدمی کو مشکلات و مصائب سے دوچار کردیا ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے سدھاکر ریڈی نے کہا کہ وزیراعظم آمرانہ طرز پر حکومت چلا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں نریندر مودی کا کوئی احترام و وقار نہیں ہے ‘کیونکہ انہیں عوام کو جوابدہ رہنا چاہیئے ۔ پارلیمنٹ میں بات کرنے کی بجائے باہر جلسوں سے خطاب کرکے عوام کو گمراہ کرنے کی کوششوں پر سدھاکر ریڈی نے برہمی کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے بڑے کرنسی نوٹوں کواچانک منسوخ کرکے عوام اور غریب آدمی کو مصیبت سے دوچار کرچکے ہیں ۔ اس کے علاوہ پارلیمنٹ میں اپوزیشن جماعتوں کا سامنا کرنے کے موقف میں نہ رہتے ہوئے پارلیمنٹ سے راہ فرار اختیار کررہے ہیں ۔