وزیر اعظم نے سوچھ بھارت مہم کا آغاز کیا

نئی دہلی۔ 2 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج ملک کی سب سے بڑی صفائی مہم کا آغاز کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ’’سوچھ بھارت ابھیان‘‘ سیاست سے ماورا ہے اور اس کی تحریک حب الوطنی سے ملتی ہے۔ ہر کارنامہ کا سہرا اپنے سَر باندھنے پر حکومت پر تنقید کو مسترد کرتے ہوئے انہوں نے تسلیم کیا کہ تمام سابق حکومتوں کی کوششیں ہندوستان کو صاف ستھرا بنانے پر مرکوز تھیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ کوئی سیاسی بیان نہیں دے رہے ہیں۔ یہ سیاسی پروگرام نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ صاف دل کے ساتھ اگر وہ کوئی تصویر بھی اُتاریں تو اسے بھی سیاسی رنگ دے دیا جائے گا، لیکن یہ نامناسب ہے۔اس مہم کو کامیاب بنانے کے مقصد سے نریندر مودی نے 9 نامور شخصیتوں کو مدعو کیا ہے ۔ سوشیل میڈیا سے ربط میں رہنے والے مودی ایسا لگتا ہے کہ ’’آئس بکٹ چیلنج ‘‘سے متاثر ہیں۔ انہوں نے 9 مقبول شخصیتوں کو نامزد کرتے ہوئے ان سے خواہش کی کہ سوچھ بھارت مہم میں شامل ہوں اور ہر شخص اسی طرح مزید 9 افراد کو اس مہم میں شامل کرے۔ یوں یہ مہم آگے بڑھتی رہے گی۔ مودی نے جن شخصیتوں کو نامزد کیا ، ان میں کرکٹر سچن تنڈولکر ، کانگریس لیڈر ششی تھرور ، صنعت کار انیل امبانی، فلم اداکار سلمان خان ، پرینکاچوپڑہ ، کمل ہاسن ، گورنر گوا مرڈولا سنہا ، یوگا گرو رام دیو اورٹی وی سیریل ’’تارک مہتا کا الٹا چشمہ ‘‘کی ٹیم شامل ہے۔ فلم اداکار عامر خان آج مرکزی وزراء نتن گڈکری اور وینکیا نائیڈو کے ساتھ صفائی کا عہد کرتے ہوئے وزیراعظم کی اس صفائی مہم میں شامل ہوگئے۔