وزیر اعظم نے ایودھیا ۔ رامیشورم ٹرین کو جھنڈی دکھائی

رامیشورم ( ٹاملناڈو ) 27 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج ہفتہ میں ایک بار چلنے والی رامیشورم ۔ ایودھیا ٹرین کو جھنڈی دکھائی ۔ یہ ٹرین دونوں مذہبی شہروں کے درمیان چلائی جائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں شہر لارڈ رام سے منسوب ہیں۔ رامیشورم ۔ فیض آباد رامیشورم ٹرین براہ ایودھیا ہفتہ میں ایک بار چلائی جائیگی ۔ مودی نے کہا کہ اس ٹرین میں بائیو ٹائیلٹس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کے نتیجہ میں مرکز کی صفائی مہم میں بھی مدد ملے گی ۔ انہوں نے اس ٹرین کو شردھا سیتھو ایکسپریس کا نام دیا گیا ہے اور انہوں نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ اس ٹرین کو جھنڈی دکھاکر روانہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ رامیشورم کا تعلق بھی رام سے ہے اور انہیں خوشی ہے کہ یہ ٹرین یہاں سے ایودھیا چلائی جائیگی ۔ سدرن ریلویز کے بموجب یہ ٹرین آج دوپہر 12.30 بجے روانہ ہوئی ۔ یہ 29 جولائی کو براہ ایودھیا فیض آباد پہونچے گی ۔

فرحان اعظمی کو قتل کی دھمکی
ممبئی 27جولائی(سیاست ڈاٹ کام) صدر ممبئی اورمہاراشٹرا سماجوادی پارٹی اور ایم ایل اے ابوعاصم اعظمی کے فرزند فرحان کو ٹیلی فون پرجان سے مارنے کی دھمکی دینے کی ایک شکایت شمال مغربی ممبئی کے اوشیورہ پولیس اسٹیشن میں درج کرائی گئی ہے۔ انہیں ’غیرمسلم ‘ سے شادی کے سبب دھمکی دی گئی ہے۔ فرحان نے پولیس میں بطور ثبوت کال ریکارڈ بھی پیش کیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ گمنام کالر نے انہیں دھمکی دی کہ ہندو لڑکی سے شادی کی وجہ سے انہیں جان سے ہاتھ دھونا پڑسکتاہے۔