وزیر اعظم نے ایمس پہونچ کر واجپائی کی عیادت کی

نئی دہلی 24 جون ( سیاست ڈآٹ کام ) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائینسیس پہونچ کر سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کی عیادت کی جو یہاں زیر علاج ہیں۔ وزیر اعظم نے رات 9.05 بجے دواخانہ پہونچ کر عیادت کی اور 15 – 20 منٹ بعد یہاں سے روانہ ہوگئے ۔ دواخانہ کے ذرائع نے یہ بات بتائی ۔ حالانکہ ہاسپٹل سے واجپائی کی صحت پر کوئی تازہ بلیٹن جاری نہیں کیا گیا ہے تاہم گذشتہ ہفتے ذرائع نے بتایا تھا کہ ان کا علاج چل رہا ہے اور ان کی حالت بہتر ہو رہی ہے ۔
توگاڑیہ کی نئی ہندوتوا تنظیم
نئی دہلی 24 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) سابق وی ایچ پی لیڈر پروین توگاڑیہ نے آج نئی ہندوتوا تنظیم انتر راشٹریہ ہندو پریشد قائم کی اور کہا کہ اس کا مقصد ملک میں ہندو ووٹوں کو مستحکم کرنا اور ایک سیاسی متبادل فراہم کرنا ہے ۔ انہوں نے مودی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس نے ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر عمل میں نہ لاتے ہوئے کروڑوں ہندووں کو دھوکہ دیا ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کیلئے پارلیمنٹ میں ایک قانون منظور کیا جانا چاہئے ۔