کھٹمنڈو 27 جون (سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم نیپال سشیل کوئرالہ امریکہ کے ایک ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ تشخیص کی گئی ہے کہ وہ پھیپھڑوں کے کینسر کے پہلے مرحلے میںہیں۔ آج سے ان کا ریڈیا طریقہ علاج شروع کیا جارہا ہے ۔ 75 سالہ کوائرالہ کو میموریل سلون کیٹرین کینسر سنٹر نیو یارک میںشریک کیاگیا ہے ۔ ان کے معالج ڈاکٹروں نے ان کے پھیپھڑوں پر چند ہفتہ قبل سیاہ دھبے دریافت کئے تھے ۔ کوائرالہ بلا کے تمباکو نوش ہیں۔ تشخیص کے بموجب 7 سال قبل ان کو زبان کا کینسر بھی ہوا تھا لیکن علاج کے ذریعہ انہیں اس بیماری سے چھٹکارہ مل گیا ۔ ان کے پھیپھڑے پر جو دھبہ نظر آرہا تھا مزید تحقیقات کے بعد پہلے مرحلے کا پھیپھڑے کا کینسر ثابت ہوا ۔ وزیر اعظم کے ایک قریبی با اعتماد ساتھی نے وزیر اعظم نیپال کے شخصی معالج ڈاکٹر کبیر ناتھ یوگی کے حوالے سے یہ خبر دی ہے ۔ ڈاکٹر کبیر بھی وزیر اعظم نیپال کے ساتھ نیو یارک میں ہیں۔