وزیر اعظم نریندر مودی نے جملہ بازی کے علاوہ کچھ نہیں کیا، عوام اب جملہ بازی کو برداشت نہیں کرے گی :۔ اشوک گہلوت 

اجمیر : راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے وزیر اعظم نریندر مودی پر جملہ بازی کرنے کا الزام عائد کیا ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ عوام اب کانگریس کے ساتھ ہے ۔ وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت اجمیر شریف کی مشہور درگاہ حضرت خواجہ غریب نواز ؒ کی درگا ہ پر حاضری کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے پانچ برسوں میں صرف جملہ بازی کیا ہے ۔ ملک کی عوام ان جملہ بازیو ں کو کب تک برداشت کرے گی ۔

انہوں نے کہا کہ مودی اگر ۵۶؍ انچ کا سینہ لے کر ملک کو ساتھ لے کر چلتے تو آج ملک کہیں اور ہوتا ۔ انہو ں نے کہا کہ اگر مسٹر مودی وزیر اعظم کی کرسی پر بیٹھنے کے بعد ایسے کام کرتے جو انہیں واقعی کرنے چاہئے تو ملک کی عوام آئندہ دس سالوں تک بھول جاتے کہ ملک میں کوئی دوسرا وزیر اعظم بھی ہونا چاہئے ۔ مسٹر گہلوت نے کہا کہ مودی جی کے اقتدار پر آنے کے بعد کالا دھن کا ایک پیسہ بھی واپس نہیں آیا ۔

اس موقع پر ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ سچن پائلٹ نے دعوی کیا کہ ریاست میں کانگریس لوک سبھا انتخابات میں زبردست کامیابی حاصل کرے گی ۔