حیدرآباد /29 مئی ( پی ٹی آئی ) راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر غلام نبی آزاد نے این ڈی اے حکومت کے ایک سال کی تکمیل پر وزیر اعظز نریندر مودی کی طرف سے جاری کردہ ’ کھلے مکتوب ‘ کو ’ کھلا جھوٹ ‘ قرار دیا اور کہا کہ مودی کا تحریر کردہ مکتوب تضاد و خود فریب کا پلندہ ہے ۔ کانگریس کے سینئیر لیڈر غلام نبی آزاد نے پرجستہ طور پر یہ طنزیہ انداز میں وزیر اعظم مودی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سفید جھوٹ بولنے کیلئے آپ کو دل اور ہمت کی ضرورت ہوتی ہے ۔ مجھے تو اس بات پر وزیر اعظم نریندر مودی کو مبارکباد دینا چاہئے جن کے پاس یہ دونوں چیزیں موجود ہیں ۔ آزاد نے بوفورس کے مسئلہ پر صدر جمہوریہ پرنب مکرجی کی طرف سے سویڈن کے ایک اخبار کو دئے گئے اس بیان کی تائید کی کہ بوفورس کوئی اسکینڈل ہی نہیں تھا بلکہ یہ ایک تشہیری ہوا تھا ۔ گذشتہ 30 سال کے دوران کئی حکومتوں نے مقدمہ چلایا لیکن سابق وزیر اعظم آنجہانی راجیو گاندھی کے خلاف عائد کردہ الزامات ثابت نہیں کرسکے ۔ کیونکہ ان الزامات میںکوئی سچائی نہیں تھی ۔