وزیر اعظم مودی کا تاریخی دورۂ جافنا

جافنا ، 14 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) کسی زمانہ میں جنگ سے متاثرہ علاقہ جافنا کا وزیراعظم نریندر مودی نے آج تاریخی دورہ کیا اور انہوں نے سری لنکا میں تمام شہریوں کیلئے مساوی ترقی اور احترام پر زور دیا ۔ وزیر اعظم نے اس طرح ٹاملوں کا حوالہ دیا جنہیں ایل ٹی ٹی ای اور حکومت کے مابین جنگ میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔ دو روزہ دورۂ سری لنکا کا اختتام کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ وہ خوش ہیں کہ ان کا یہ دورہ متاثرہ عوام کی آنکھوں کے آنسو پونچھنے کیلئے ہوا ۔ وزیر اعظم نے اُن ٹاملوں کو 27,000 مکانات بھی حوالے کئے جو جنگ کے دوران بے گھر ہوگئے تھے ۔جو مکانات آج ٹاملوں کے حوالے کئے گئے انہیں ہندوستان کی مدد سے تعمیر کیا گیا ہے۔ ہندوستان نے تعمیر نو کے اقدامات میں اپنا حصہ ادا کیا ہے ۔ مودی نے کل صدر سری لنکا مائیتری پالا سری سینا سے کولمبو میں ملاقات کی تھی ۔ انہوں نے اس ملاقات میں اُن پر زور دیا تھا کہ ہندوستان متحد سری لنکا میں سبھی کیلئے مساوات ‘ انصاف ‘ امن و احترام کی زندگی کی حمایت کرتا ہے ۔ مودی نے حکومت سری لنکا سے خواہش کی تھی کہ وہ ٹاملوں کو اختیارات دینے سے متعلق دستوری گنجائش پر فوری عمل کرے۔ ہندوستان کی جانب کلچرل سنٹر کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد مودی نے کہا کہ سری لنکا کیلئے ضروری ہے کہ وہ ترقی کرے متحد رہے ‘ امن قائم کرے ۔ شمالی صوبہ کے چیف منسٹر و ٹامل لیڈر سی وی وگنیشورن بھی اس موقع پر موجود تھے ۔