وزیر اعظم مودی کا آج دورۂ وشاکھاپٹنم

حیدرآباد ۔ 13 اکٹوبر ۔ ( این ایس ایس) وزیراعظم نریندر مودی جو طوفان ہد ہد کی تباہ کاریوں کے بارے میں تمام تفصیلات سے واقف ہوچکے ہیں توقع ہے کہ آندھراپردیش میں طوفان سے متاثرہ مقامات کا منگل کو فضائی معائنہ کریں گے ۔ وزیراعظم مودی جو آندھراپردیش اور پڑوسی ریاست اڈیشہ میں طوفان ہد ہد کی تباہ کاریوں پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں آندھراپردیش کے چیف منسٹر این چندرابابو نائیڈو سے آج بھی فون پر بات چیت کی ۔ انھوں نے طوفان سے ہونے والے نقصانات اور ریاستی حکومت کی طرف سے کئے جانے والے راحت و امداد رسانی کے کاموں کے بارے میں دریافت کیا ۔ وزیراعظم نے اس صورتحال سے نمٹنے کیلئے متعلقہ عہدیداروں کے ساتھ اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس بھی طلب کیا۔ انھوں نے مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ سے خواہش کی کہ دونوں ریاستوں میں طوفان کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھیں۔ موسلا دھار بارش اور 200 کیلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کے ساتھ ہولناک طوفان ہد ہد گزشتہ روز وشاکھاپٹنم اور دیگر ساحلی اضلاع سے ٹکرایا تھا جس کے نتیجہ میں کئی مقامات پر زبردست تباہی ہوئی تھی ۔ بالخصوص وشاکھاپٹنم ایک جنگ زدہ علاقہ نظر آرہا ہے جہاں اُکھڑے ہوئے درخت ، برقی کھمبے اور ہورڈنگس سڑکوں پر بکھرے پڑے دیکھے گئے۔ برقی سربراہی مسدود ہونے کے سبب تاریکی میں ڈوبے ہوئے اس شہر کا مواصلاتی رابطہ بھی منقطع ہوگیا ہے۔