حیدرآباد 8 مئی (سیاست نیوز) ٹی آر ایس کی رکن پارلیمنٹ کویتا نے آج پارلیمنٹ میں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔ انہوں نے تلنگانہ ریاست کو درپیش مسائل سے وزیراعظم کو واقف کرایا ۔ انہوں نے بعض مسائل پر وزیر اعظم کو یادداشت پیش کی ۔ بعد میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کویتا نے کہا کہ ہائی کورٹ کی تقسیم اور تلنگانہ ہائی کورٹ کی تشکیل کے سلسلہ میں وزیراعظم سے نمائندگی کی گئی ۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ میں غیر موسمی بارش کے سبب 50 ہزار ہیکٹر اراضی پر فصلیں تباہ ہوگئی لہذا مرکزی حکومت سے اس سلسلہ میں امداد جاری کرنے کی درخواست کی گئی تا کہ متاثرہ کسانوں کی مدد کی جاسکے ۔ انہوں نے وزیر اعظم سے خواہش کیکہ تلنگانہ ریاست کی ترقی کے سلسلہ میں ریاستی حکومت نے مرکز سے جو نمائندگیاں کی ہیں اس پر فوری کارروائی ہونی چاہئے ۔ انہوں نے فینانس کمیشن سے تلنگانہ کو 2ہزار کروڑ روپئے کی اجرائی کا مطالبہ کیا ۔ 13 ویں فینانس کمیشن سے اس رقم کی اجرائی باقی ہے ۔ کویتا نے نظام آباد میں انڈسٹری پارک کے قیام کے سلسلہ میں یادداشت پیش کی ۔ انہوں نے جاگرتی تنظیم کو اسکول ڈیولپمنٹ اسکیم میں شامل کرنے کی خواہش کی تا کہ 10 ویں اور انٹر کامیاب امیدواروں کو روزگار فراہم کیا جاسکے ۔ کویتا نے پدا پلی ‘ نظام آباد ریلوے لائن کے کام کی عاجلانہ تکمیل اور ڈچپلی میں نئی ریلوے لائن بچھانے کی بھی اپیل کی ۔