وزیر اعظم عمران خان کا آج دورہ کوئٹہ

خیبرپختونخواہ ۔21اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کے وزیراعظم عمران خان اتوار کو ایک روزہ مختصر دورے پر بلوچستان کے دار الحکومت کوئٹہ پہنچ رہے ہیں۔ اگر چہ عمران خان کا گزشتہ ایک ماہ کے دوران کوئٹہ کا یہ دوسرا اور وزیراعظم بننے کے بعد تیسرا دورہ ہے مگر ہزارگنجی بم دھماکے کے بعد ان کی کوئٹہ آمد کو اہمیت دی جارہی ہے۔وزیراعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کے مطابق عمران ‘ایران جانے سے قبل کوئٹہ کا دورہ کرینگے اور ہزار گنجی بم دھماکے میں ہلاک ہزارہ برادری کے لواحقین سے ملیں گے۔ وزیراعظم کوئٹہ میں ہاؤزنگ اسکیم کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔کوئٹہ میں 12 اپریل کو ہزارگنجی سبزی منڈی میں بم دھماکے میں ہزارہ برادری کے 10افراد سمیت 22افراد ہلاک اور 40سے زائد زخمی ہوئے تھے۔ اس کے بعد برادری کے افراد نے شاہراہ پر4 روز تک احتجاجی دھرنا دیا۔ ان کا مطالبہ تھا کہ وزیراعظم عمران خان کوئٹہ آکر انہیں تحفظ کی ضمانت دیں۔تاہم عمران نے فوری آنے کی بجائے 18 اپریل کو کوئٹہ کا اپنا دورہ منسوخ کردیا جس پر انہیں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو سمیت سیاسی جماعتوں کے رہنماوں نے تنقید کا نشانہ بنایا۔عمران خان کو پرانے بیان کے طعنے دیئے گئے جس میں انہوں نے جون 2017ء میں آئی جی پولیس بلوچستان کے دفتر کے باہر خودکش حملے کے بعد متاثرین سے اظہار ہمدردی کیلئے کوئٹہ کا دورہ نہ کرنے پر وزیراعظم نواز شریف کوہدف ِتنقید بنایا تھا۔