وزیر اعظم عراق نوری المالکی اقتدار سے دستبردار

بغداد ۔ 15 اگست (سیاست ڈا ٹ کام) نوری المالکی نے جمعرات کی شب وزارت عظمیٰ کی امیدواری سے دستبردار ہونے کا اعلان کیا ہے۔عراق کے وزیر اعظم نوری المالکی اپنے جانشین نامزد وزیر اعظم حیدر العبادی کے حق میں دستبردار ہو گئے ہیں۔نوری المالکی نے جمعرات کی شب بغداد میں ایک نشری تقریر میں اقتدار اور تیسری مدت کے لیے وزارتِ عظمیٰ سے دستبردار ہونے کا اعلان کیا ہے۔اس موقع پر ان کے انتخابی اتحاد اسٹیٹ آف لا کی سرکردہ شخصیات اور نامزد وزیراعظم حیدرالعبادی بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔انھوں نے کہا کہ ’’وہ عراق کے اتحاد کو برقرار رکھنے کے لیے اپنے بعد آنے والے وزیراعظم کی توثیق کررہے ہیں‘‘۔انھوں نے کہا: ’’میں آج آپ کے سامنے سیاسی عمل کو بآسانی رو بہ عمل ہونے اور نئی حکومت کی تشکیل کے لیے اپنے بھائی ڈاکٹر حیدر العبادی کے حق میں وزارتِ عظمیٰ کی امیدواری سے دستبردار ہو رہا ہوں‘‘۔