وزیر اعظم آواس یوجنا کیلئے 70 مالیاتی اداروں کے ساتھ معاہدے

نئی دہلی ۔ یکم اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وزیر اعظم آواس یوجنا میں سستے قرض فراہم کرنے کے لئے نیشنل ہاؤزنگ بینک نے قرض دینے والے 70مالیاتی اداروں کے ساتھ معاہدہ کیا ہے ۔ ذرائع نے آج یہاں یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ ان میں 45 ہاؤزنگ فینانس کمپنیاں،15درج فہرست بینک، دو علاقائی دیہی بینک، ایک کوآپریٹو بینک، چار چھوٹی مالیاتی کمپنی اور تین غیر بینک کاری فینانس کمپنیاں شامل ہیں۔ ان تمام مالیاتی اداروں نے قومی ہاؤزنگ بینک کے ایک معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔ اس کے علاوہ رہائش اور شہری ترقیات کارپوریشن کو ایم آئی جی اور ای ڈبلیو ایس / ایل آئی جی دونوں کے لئے مرکزی نوڈل ایجنسی مقرر کیا گیا ہے ۔ یہ فائدہ اٹھانے والوں کو دیئے گئے پیشگی قرض کی بنیاد پر پرائمری قرض دہندہ اداروں کو سود سبسڈی کی فراہمی کریں گے ۔متوسط آمدنی والے گروپوں کیلئے ’کریڈٹ لپر مبنی سبسڈی اسکیم‘کے رہنما خطوط کے مطابق چھ لاکھ سے زیادہ اور 18لاکھ روپے تک سالانہ آمدنی والے متوسط طبقہ کے افراد اہل ہوں گے ۔