وزیر اعظم آسٹریلیا نے راشٹرپتی بھون میں گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا،وزیر خارجہ کی ملاقات

نئی دہلی 5 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم آسٹریلیا ٹونی اباٹ کو آج راشٹرپتی بھون میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا ۔ وہ بعدازاں وزیر اعظم نریندر مودی سے اہم ملاقات بھی کرنے والے ہیں۔ وزیر اعظم مودی نے قصر صدارت کے سبز زار پر اُن کا استقبال کیا۔ وہ ممبئی سے کل شام نئی دہلی پہنچے تھے اور مرکزی وزیر پیوش گوئل نے ایر پورٹ پر اُن کا استقبال کیا تھا۔دریں اثناء وزیر خارجہ سشما سوراج نے آج وزیر اعظم آسٹریلیا سے ملاقات کی ۔وہ دو روزہ دورہ ہند پر کل ہی ہندوستان پہنچے ہیں۔ وہ سارک ممالک کے قائدین کے علاوہ کسی بیرونی ملک کے پہلے سربراہ مملکت ہیں جو نریندر مودی کی حکومت تشکیل پانے کے بعد ہندوستان کا دورہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہندوستان میں موجود کاروبار کے وسیع مواقع سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں۔ وزیر اعظم آسٹریلیا پہلے ہی اشارہ دے چکے ہیں کہ اُن کے دورہ ہند کے موقع پر وہ ہندوستان کے ساتھ نیو کلیئر معاہدہ کریں گے ۔ اس سے اُن کے ملک کو موقع ملے گا کہ توانائی کے قلت کے شکار ہندوستان کو یورینیم سربراہ کرسکے۔ اباٹ کل ہندوستان کے تجارتی دارالحکومت ممبئی کا دورہ کرچکے ہیںجہاں انہوں نے اپنے ہمراہ آنے والے 30 رکنی تجارتی وفد سے خطاب کیا تھا اور اُن کو بتایا تھا کہ آسٹریلیا کیلئے ہندوستان میں کاروبار کے مواقع افراط سے موجود ہیں ۔ علاوہ ازیں انہوں نے آسٹریلیا کے طلبہ کی تعداد ہندوستانی یونیورسٹیوں میں اضافہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا تھا ۔