وزیرفینانس ای راجندر کی حالت مستحکم

یشودھا ہاسپٹل میں زیر علاج‘ گورنر کی جانب سے مزاج پرسی
حیدرآباد ۔ 14؍ جون ( سیاست نیوز) ریاستی وزیر فینانس حکومت تلنگانہ مسٹر ای راجندر کی حالت مستحکم ہے جوگذشتہ دن کا رحادثہ میں زخمی ہوگئے تھے ۔ وہ یشودھا ہاسپٹل سکندرآباد میں زیر علاج ہیں ۔ یشودھا ہاسپٹل کے ڈاکٹروں نے بتایا کہ مسٹر راجندر کی صحت مکمل ٹھیک ہے اور وہ خیریت سے ہیں۔ لیکن محض انہیں آرام کیلئے آئندہ دو تین یوم دواخانہ میں رکھا جائیگا ۔ ڈاکٹروں کے مطابق وزیر موصوف کو کوئی شدید زخم نہیں آئے ۔ ڈاکٹروں نے ان کے حامیوں ‘ پارٹی کارکنوں وغیرہ سے ان سے ملاقات کیلئے دواخانہ آنے کی زحمت نہ کرنے کی خواہش کی ۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ گذشتہ دن حضور آباد براہ کریم نگر حیدرآباد واپسی کے دوران جس کار میں وزیر موصوف سفر کر رہے تھے تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو کر روڈ ڈیوائیڈر سے ٹکرا جانے کی وجہ سے پلٹیاں کھا گئی تھی لیکن کرشماتی طور پر اتنا بھیانک حادثہ پیش آنے کے باوجود کار میں موجود کسی کو بھی کوئی شدید زخم وغیرہ نہیں آئے ۔ تاہم احتیاطی طور پر وزیر اور انکے اسٹاف کو اپالو ہاسپٹل کریم نگر سے حیدرآباد منتقل کر کے یشودھا ہاسپٹل میں شریک کروایا گیا تھا ۔ اسی دوران مسٹر رجندر کی گورنر تلنگانہ و آندھراپردیش ای ایس ایل نرسمہن اور مرکزی وزیر شہری ترقیات مسٹر ایم وینکیانائیڈونے بذریعہ فون خیریت دریافت کی اور صحت سے متعلق معلومات حاصل کیں ۔ گورنر اور مرکزی وزیر نے مسٹر راجندر اور زخمی اسٹاف ارکان کی عاجلانہ صحت یابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔