وزیرستان میں فوجی کارروائی اور ہندوستان پر غوروخوض

پاک ۔ امریکہ مشترکہ اجلاس میں ہند۔ امریکہ تعلقات میں حالیہ پیشرفت اہم موضوع گفتگو
واشنگٹن 24 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ اور پاکستان کے سینئر عہدیداروں کا ایک اجلاس منعقد کیا گیا جس میں دہشت گردوں کے خلاف شمالی وزیرستان میں جاری فوجی کارروائی اور ہند ۔ پاک تعلقات میں پیشرفت پر غور کیا گیا۔ خصوصی مددگار برائے وزیراعظم پاکستان برائے اُمور خارجہ سید طارق فاطمی نے نائب وزیر خارجہ امریکہ ولیم برنس کے ساتھ ملاقات میں اُنھیں حکومت کے پڑوسی ممالک کے ساتھ تعلقات اور حکومت کے تمام پڑوسیوں سے بشمول افغانستان اور ہندوستان خوشگوار تعلقات برقرار رکھنے کے عہد کی تفصیلات سے واقف کروایا۔

پاکستانی سفارت خانہ برائے امریکہ کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ فاطمی نے برنس کو شمالی وزیرستان میں جاری فوجی کارروائی کی تفصیلات سے اور حکومت پاکستان کے پاکستانی سرزمین سے تمام دہشت گردوں کے بلا امتیاز صفائے کے عہد کی تفصیلات سے واقف کروایا۔ فاطمی نے نائب وزیر خارجہ امریکہ کو حکومت کے اُن اقدامات سے بھی واقف کروایا جو گزشتہ ایک سال سے معاشی ایجنڈہ پر عمل آوری کررہی ہے اور پاکستان نے بہتر پیشرفت کی ہے۔ معاشی استحکام حاصل ہوچکا ہے اور سرمایہ کاروں میں اعتماد پیدا ہوگیا ہے۔ ولیم برنس نے جو حال ہی میں ہندوستان کا دورہ کرچکے ہیں، اُمید ظاہر کی کہ ہندوستان اور پاکستان کی جانب سے حالیہ امن اقدامات سے دونوں ممالک کے عوام کو خوشحال بنانے میں مدد ملے گی۔