وزیرخارجہ جئے شنکر کی وزیراعظم و وزیرخارجہ بنگلہ دیش سے ملاقات

ڈھاکہ ۔ 2 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے آج کہا کہ اسے توقع ہیکہ بنگلہ دیش کے ساتھ دو معاہدات پر دستخط ہوں گے جس سے جلد ہی باہمی تجارتی اور معاشی تعلقات میں اضافہ ہوگا۔ معتمد خارجہ ایس جئے شنکر نے کہا کہ بنگلہ دیش کی اعلیٰ سطحی قیادت کے ساتھ آج ’’تعمیری‘‘ بات چیت ہوئی۔ وہ سارک یاترا کے سلسلہ میں بنگلہ دیش پہنچے تھے تاکہ 8 رکنی گروپ کے رکن ممالک کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات بہتر بنائے جاسکیں۔ انہوں نے وزیراعظم بنگلہ دیش شیخ حسینہ اور وزیرخارجہ اے ایچ محمود علی سے ملاقات کی اور معتمد خارجہ بنگلہ دیش شاہدالحق کے ساتھ بات چیت کی۔ معتمد خارجہ نے وزیراعظم نریندر مودی کا ایک مکتوب شیخ حسینہ کے حوالہ کیا جس میں انہوں نے اپنے عاجلانہ دورہ بنگلہ دیش کے انتظار کا اظہار کیا ہے۔ شیخ حسینہ کے پریس سکریٹری اے کے ایم شمیم چودھری نے وزیراعظم سے کہا کہ جوابی خیرسگالی کے طور پر جئے شنکر نے وزیراعظم مودی کے دورہ کے امکانی وقت کے بارے میں دریافت کیا ہے۔ چودھری نے یہ بھی کہا کہ جئے شنکر نے شیخ حسینہ سے کہا کہ ہندوستان کو جلد ہی بنگلہ دیش کے ساتھ دو معاہدات پر دستخط کی توقع ہے جس سے باہمی تجارتی اور معاشی تعلقات میں اضافہ ہوگا۔ جئے شنکر نے کہا کہ ہم دو معاہدوں پر تجارت کے پروٹوکول اور ساحلی بحری جہاز رانی کا معاہدہ پر بنگلہ دیش کے ساتھ جلد ہی دستخط کریں گے۔ شیخ حسینہ نے نیویارک اور کٹھمنڈو میں وزیراعظم ہندوستان کے ساتھ اپنی بات چیت کی یاد دہانی کروائی اور کہا کہ ہم نے کئی مسائل پر بات چیت کے دوران اتفاق رائے ظاہر کیا ہے اور امید ہیکہ ان پر عمل آوری کی جائے گی۔ معتمد خارجہ کی ملاقاتوں کے دوران باہمی تعلقات کو نئی بلندی تک پہنچانے سے اتفاق کیا گیا۔ جئے شنکر نے ملاقاتوں کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملاقاتیں بہت کامیاب اور تعمیری رہیں۔ ہم مزید تعاون چاہتے ہیں۔ ایک اور پریس کانفرنس میں معتمد خارجہ بنگلہ دیش نے کہا کہ یہ خیرسگالی دورہ ہے۔ جئے شنکر کے گذشتہ ماہ تقرر کے بعد اولین دورہ ہے جس سے باہمی، علاقائی اور ذیلی علاقائی تعلقات کے وسیع تر اور زیادہ گہرے پہلو اجاگر ہوں گے۔ اس سوال پر کہ تیستا کے پانی میں شراکت داری کے مسئلہ پر کیا بات چیت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمارے اندیشوں کا اعادہ کیا اور جئے شنکر کا ردعمل مثبت رہا۔ تاہم انہوں نے کہا کہ بنگلہ ۔ ہندوستان تعلقات بہت وسیع ہیں، جن پر مختصر دوروں میں تفصیل سے تبادلہ خیال ناممکن ہے۔ تاہم ہم دونوں نے اتفاق کیا ہیکہ دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات قائم ہیں اور انہیں نئی بلندی تک لے جانا ضروری ہے۔ وزیراعظم مودی کی دورہ بنگلہ دیش سے تعلقات کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں توقع ہیکہ وہ جلد ہی بنگلہ دیش کا دورہ کریں گے لیکن کسی مخصوص تاریخ کی پیش قیاسی نہیں کی جاسکتی۔ بنگلہ دیش کو توقع ہیکہ مودی کا دورہ جلد ہی ہوگا تاکہ دیرینہ سرحدی مسئلہ پر معاہدہ ہوسکے۔