ملبورن ۔ 28 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا نے ایک بار پھر ہندوپاک سے اپیل کی ہیکہ وہ پیدا شدہ کشیدہ حالات کا صبروتحمل کے ساتھ سامنا کریں اور مزید فوجی کارروائی سے گریز کریں کیونکہ کشیدگی میں اضافہ ہونا اور جنگ کی صورت اختیار کرنا نہ صرف خطہ کیلئے بلکہ عالمی سطح پر بھی ایک خطرناک قدم ہوگا۔ آسٹریلیا کی وزیرخارجہ ماریس پین جو اس وقت لندن میں ہیں، نے بیان دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس وقت ہندوپاک کے درمیان پائی جانے والی کشیدگی سے تشویش میں مبتلاء ہیں کیونکہ انہیں ہر لمحہ برصغیر کے دونوں ممالک کے درمیان بڑھنے والی کشیدگی سے متعلق خبریں مل رہی ہیں اور اگر یہ خبریں صحیح ہیں تو ہم ہندوپاک سے اپیل کریں گے کہ وہ صبروتحمل سے کام لیتے ہوئے مزید فوجی کارروائی کے بارے میں نہ سوچیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس بات کی خواہاں ہیں کہ دونوں ممالک قیام امن کیلئے راست بات چیت کو ترجیح دیں گے۔