لاہور ، 24 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے شہر لاہور میں سارک بین الاقوامی کانفرنس میں مقامی صحافی نے شہباز شریف پر جوتا اچھال دیا لیکن خوش قسمتی سے جوتا اسٹیج پر جاگرا۔ آج یہاں تین روزہ بین الاقوامی سارک کانفرنس کے پہلے دن وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف مہمان خصوصی تھے جہاں پر مختلف ممالک کے مندوبین بھی شامل تھے اور پوری دنیا اس تقریب کو دیکھ رہی تھی۔ وزیراعلیٰ پنجاب جونہی اسٹیج پر پہنچے تو قومی ترانہ شروع ہوا اور قومی ترانے کے اختتام کے بعد شہباز شریف بین الاقوامی مندوبین سے ملاقات کیلئے آگے بڑھے تو نجی چینل کے مقامی صحافی نے وزیراعلیٰ پنجاب پر جوتا اچھال دیا جو اسٹیج پر جاگرا۔ جوتا پھینکنے کے فوراً بعد مقامی صحافی نے پلے کارڈ اٹھا کر نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ سینئر صحافیوں کی سکیورٹی کا بندوبست کیا جائے۔