لوک سبھا الیکشن جیتنے کیلئے اپوزیشن اتحاد اہم
پٹنہ 3جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) بہار کے وزیر اعلیٰ اور جنتا دل یونائٹیڈ کے قومی صدر نتیش کما رنے سال 2019 میں ہونے والے لوک سبھا الیکشن کے لئے خود کو وزیر اعظم عہدہ کے امیدوار کی دوڑ سے باہر بتاتے ہوئے کہا کہ چہرہ کے بجائے الیکشن جیتنے کے لئے مشترکہ پروگرام پر مبنی اپوزیشن اتحاد زیادہ اہم ہے ۔نتیش کمار نے آج یہاں لوک سمواد پروگرام کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سال 2019 میں ہونے والے لوک سبھا الیکشن میں وزیر اعظم کے عہدہ کے دعویدار نہیں ہیں اور اسے وہ پہلے بھی واضح کرچکے ہیں۔ انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ سابق میں وزیر اعظم بننے کے لئے جن کے ناموں پر بحث ہوتی رہی ہے وہ کبھی وزیر اعظم نہیں بن پائے ۔وزیر اعظم نے اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد کے لئے چہرہ کے بجائے مشترکہ پروگرام بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی سے انہوں نے اس کے لئے درخواست کی تھی۔