وزیراعظم کے عہدہ کیلئے تیار ہوں : راہول گاندھی

بنگلورو 8 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے آج کہا ہے کہ 2019 ء کے لوک سبھا انتخابات میں اگر ان کی پارٹی واحد سب سے بڑی جماعت کی حیثیت سے اُبھرتی ہے تو وہ وزیراعظم بننے کے لئے تیار ہیں۔ ایک مذاکرہ کے دوران یہ پوچھے جانے پر کہ آیا وہ آئندہ وزیراعظم ہوں گے، راہول گاندھی نے فوری جواب دیا کہ ’’جی ہاں، یہ انحصار کرتا ہے … یہ اس بات پر بھی منحصر ہے انتخابات میں کانگریس کا مظاہرہ کس حد تک بہتر رہے گا… میرا مطلب ہے کہ اگر وہ (کانگریس) سب سے بڑی جماعت کی حیثیت سے اُبھرتی ہے تو ہاں (مَیں وزیراعظم بن سکتا ہوں)‘‘۔ راہول گاندھی نے کہاکہ اُنھیں پورا یقین ہے کہ نریندر مودی آئندہ وزیراعظم نہیں ہوں گے۔ ایک تقریب میں اُنھوں نے ’سمردھا بھارت فاؤنڈیشن‘ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر کہاکہ کانگریس اگر (دیگر جماعتوں کے اتحاد کے ساتھ) ایک مشترکہ پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتی ہے تو بی جے پی کو انتخابی کامیابی حاصل کرنے کا کوئی موقع نہیں ملے گا۔ راہول گاندھی نے کہاکہ ’’بی جے پی کی طرف سے آئندہ حکومت تشکیل دیا جانا انتہائی غیر متوقع ہے۔ دوسری بات یہ ہے کہ مودی کا آئندہ وزیراعظم ہونا بھی تقریبا ناممکن ہے‘‘۔ اُنھوں نے کہاکہ اپوزیشن کا اتحاد بی جے پی کو اقتدار پر برقرار رہنے کی اجازت نہیں دے گا۔
 اُنھوں نے ادعا کیاکہ چھتیس گڑھ اور راجستھان اسمبلی انتخابات میں کانگریس کو کامیابی ہوگی۔ ’’سمردھا بھارت فاؤنڈیشن‘‘ ملک بھر میں فراخدلانہ، سیکولر اور جمہوری اقدار کی تشہیر کا ایک پلیٹ فارم ہے۔ اس کے ٹرسٹیز میں ممتاز فلم ہدایت کار شیام بنیگل اور سپریم کورٹ کے سینئر ایڈوکیٹ کے ٹی ایس تلسی بھی شامل ہیں۔