سورت ۔ 19 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی کے متنازعہ سوٹ کے ہراج کے آج دوسرے دن خریدی کی پیشکش (بولی) 1.41 کروڑ تک پہنچ گئی جبکہ آج دوپہر تک 2 افراد نے بالترتیب 1.39 کروڑ اور 1.41 کروڑ کی سب سے زیادہ بولی لگائی۔ بندگلا کا دھاری دار سوٹ وزیراعظم نے امریکی صدر بارک اوباما کے دورہ ہند کے موقع پر پہنا تھا۔ قبل ازیں سوٹ کیلئے گجرات کے ایک تاجر نے 1.25 کروڑ میں خریدنے کی پیشکش کی تھی۔ بھاؤنگر گجرات کے ایک ہیروں کے تاجر کومل کانت شرما جو کہ لیلا گروپ آف کمپنیز کے سی ایم ڈی ہیں، مذکورہ سوٹ کی خریدی کیلئے 1.41 کروڑ میں خریدنے کی پیشکش کی ہے جبکہ سوٹ کی اصل قیمت 10 لاکھ روپئے بتائی جاتی ہے۔ مسٹر شرما نے کہا کہ ہراج کی رقم چونکہ کلبن گنگا پروگرام کیلئے مختص کی جارہی ہے اس کارخیر کیلئے وہ بولی کی رقم میں مزید اضافہ کرسکتے ہیں جبکہ ہراج کا کل آخری دن ہوگا اور سب سے زیادہ بولی دینے والے کو یہ سوٹ حوالے کردیا جائے گا۔
چند منٹ قبل سورت کے ایک اور ہیروں کے تاجر رمیش پاٹل نے 1.39 کروڑ کی پیشکش کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہراج میں کئی ایک نایاب اشیاء بھی ہیں لیکن وہ وزیراعظم کے اس سوٹ کی خریداری میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ واضح رہیکہ وزیراعظم کے سوٹ پر کانگریس اور ٹی ایم سی، عام آدمی پارٹی کی تنقیدوں کے بعد یہ قومی بحث کا موضوع بن گیا تھا اور کہا کہ قیمتی سوٹ پہننے سے نریندر مودی کی جو رسوائی ہوئی ہے اس کی پابجائی کیلئے ہراج کا حربہ اختیار کیا گیا۔ ان جماعتوں نے فی الفور ہراج روکے ہوئے یہ سوٹ توشہ خانہ میں محفوظ کروادینے کا مطالبہ کیا۔ عام آدمی پارٹی نے کہا کہ بی جے پی اس سوٹ کے ہراج کے ذریعہ اپنی مارکٹنگ کی مہارتوں کو آزما رہی ہے۔ کولکتہ میں ٹی ایم سی لیڈر مسٹر ڈیرکی اوبرین نے ٹوئیٹر پر کہا کہ ہراج کا کلین گنگا پروگرام سے کوئی تعلق نہیں ہے جبکہ قیمتی سوٹ پہننے سے نریندر مودی کی شبیہہ خراب ہوئی ہے اسے بہتر بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ کانگریس ترجمان اجئے ماکن نے کہا کہ امریکہ کے صدر کے دورہ کے موقع پر وزیراعظم کی جانب سے 10 لاکھ سوٹ پہننے پر عوام نے پسند نہیں کیا تھا جس کے پیش نظر یہ سوٹ ہراج کرکے عوام میں مقبولیت حاصل کرنیکی کوشش کی جارہی ہے۔