اجمیر،27ستمبر(سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم نریندر مودی کے چھ اکتوبر کو مجوزہ اجمیر دورے کے سلسلے میں ضلع انتظامیہ نے تیاریاں شروع کردی ہیں۔مسٹر مودی تیرتھ راج پشکر میں واقع جگت پتا برہما مندر کے پیچھے پچیس کروڑ روپے کی لاگت سے تیار اینٹری پلازا گیٹ کا افتتاح کریں گے ۔اس کے ساتھ ہی مسٹر مودی دیگر ترقیاتی کاموں کا بھی میٹنگ میں ہی افتتاح کریں گے ۔اس دورے کے سلسلے میں ٹرانسپورٹ کے وزیر یونس خان نے آج صبح پشکر پہنچ کر ضلع کلیکٹر آرتی ڈوگرا اور پولیس سپرنٹنڈنٹ راجیش سنگھ کے ساتھ پشکر ہیلی پیڈ کا معائنہ کیا اور اس دورے کے سلسلے میں ضروری رہنما ہدایات دیں۔اس کے بعد کلیکٹر آرتی ڈوگرا نے دیگر افسران کے ساتھ اینٹری پلازا اور برہما مندر کے اندر چل رہے ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا اور اسے حتمی شکل دینے کے لئے ضروری ہدایات دیں۔قابل ذکر ہے کہ وزیراعظم ،وزیراعلی کی گورو یاترا کے اختتام کے موقع پر تیس ستمبر کو اجمیر آنے والے تھے لیکن اب ترمیمی پروگرام کے تحت وہ چھ اکتوبر کو اجمیر آئیں گے۔