نئی دہلی ۔ 10 نومبر۔(سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی برطانیہ کے پانچ روزہ دورہ کا منگل سے آغاز کریں گے جس کا مقصد باہمی تجارت ، سرمایہ کاری ، دفاع ، صیانت اور برقی توانائی کے شعبوں میں باہمی تعاون میں استحکام پیدا کرنا ہے تاکہ دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خلاف جنگ کی جاسکے ۔ دورہ سے قبل اُنھوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ ان کا دورہ باہمی تعلقات کو کئی شعبوں میں مزید گہرا کرے گا ۔ خاص طورپر توجہ معاشی اور دفاعی تعاون میں توسیع پر دی جائے گی ۔ نریندر مودی ملکہ ایلزیبتھ دوم سے بکھنگم پیالیس میں ملاقات کریں گے اور اُنھیں ایک سربراہ مملکت کی حیثیت سے مستحقہ استقبال کیاجائے گا ۔ وہ برطانیہ کی پارلیمنٹ سے خطاب بھی کریں گے اور ویمبلے اسٹیڈیم میں اُن کا ایک استقبالیہ ترتیب دیا جارہا ہے جس میں تقریباً 60 ہزار افراد کی شرکت متوقع ہے۔