وزیراعظم کے خلاف چیف منسٹر کی باتیں گمراہ کن : بنڈارو دتاتریہ

حیدرآباد ۔ 3 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو اپنی شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سابق مرکزی وزیر ، بی جے پی قائد بنڈارو دتاتریہ نے کے سی آر پر الزام عائد کیا کہ وہ چیف منسٹر کی سطح سے نیچے جارہے ہیں اور وزیراعظم کے خلاف گمراہ کن باتیں کررہے ہیں ۔ آج یہاں ایک پریس کانفرنس سے مخاطب کرتے ہوئے بنڈارو دتاتریہ نے چیف منسٹر کے بیان پر ردعمل کا اظہار کیا جس میں انہوں نے وزیراعظم پر تنقید کی ہے اور کہا کہ ان کی تقریر سرپنچ کی سطح سے بھی نیچے تھی ۔ بنڈارو دتاتریہ نے یہ کہنے پر سخت اعتراض کیا کہ مرکز کی جانب سے ریاست کو فنڈس نہیں دئیے جارہے ہیں اور کہا کہ مرکز نے ریاست کو گرانٹس کے طور پر 2,30,000 کروڑ روپئے دئیے ہیں اور اگر اس میں کچھ شبہ ہو تو ریکارڈس دیکھے جاسکتے ہیں ۔۔