نئی دہلی۔ یکم؍فروری (سیاست ڈاٹ کام)۔ یوم ساحلی محافظین کے موقع پر وزیراعظم نریندر مودی نے آج بحری سرحدات کی محافظ فوج کی ستائش کی اور کہا کہ ملک ان کے بے خوف ساحلی تحفظ کے لئے ہمیشہ احسان مند رہے گا۔ انھوں نے اپنے ٹوئٹر پر تحریر کیا کہ میں ہمارے ساحلی محافظین کی دلیری اور پختہ اِرادوں کو سلام کرتا ہوں۔ آج ہندوستانی ساحلی محافظین کے یوم تاسیس کی 38 ویں سالگرہ تھی۔ نریندر مودی نے کہا کہ ہندوستانی ساحلی محافظین نے ہمارے ساحلوں کا تحفظ کرنے انتھک جدوجہد کی ہے اور کوئی دقیقہ اُٹھا نہیں رکھا۔ انھوں نے کہا کہ ہم سب ان کی دلیری کے لئے شکرگزار ہیں۔ وزیراعظم نے لیئنڈر پیس کو بھی مبارکباد پیش کی جنھوں نے آسٹریلیائی مکسڈ ڈبلز اوپن میں کامیابی حاصل کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ٹینس اسٹار نے ہندوستان کو ان پر ہمیشہ فخر کرنے کے قابل بنایا ہے۔ میں انھیں مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ لیئنڈر پیس 15 ویں گرانڈ سلام میں پہنچ گئے جب کہ انھوں نے آسٹریلیائی اوپن مکسڈ ڈبلز میں سوئس ٹینس اسٹار مارٹینا ہنگس کے ساتھ آج صبح ملبورن میں کامیابی حاصل کی۔