جئے پور 6 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی کل یہاں ایک ریلی میں شرکت کریں گے جس میں مختلف فلاحی اسکیمات کے استفادہ کنندگان کے ٹرانسپورٹ مصارف کے طور پر حکومت راجستھان 7 کروڑ روپئے خرچ کرے گی۔ ایک سرکاری حکمنامہ سے اس بات کا انکشاف ہوا۔ اس رقم کا زیادہ تر حصہ ان اسکیمات کے لئے جاری فنڈس سے ہی حاصل کیا جارہا ہے۔ انتظامیہ کو توقع ہے کہ مرکز اور ریاستی بی جے پی حکومت کی 12 فلاحی اسکیمات سے استفادہ کرنے والے تقریباً 2.5 لاکھ افراد اس ریلی میں شرکت کریں گے۔ راجستھان کو اس سال کے اواخر میں کلیدی اسمبلی انتخابات کا سامنا ہے۔ محکمہ نظم و نسق عامہ کی طرف سے جاری کردہ ایک حکمنامہ کے مطابق حکومت راجستھان 33 اضلاع سے ان افراد کو ریاستی دارالحکومت لانے کے لئے 722.53 لاکھ روپئے خرچ کرے گی۔