نئی دہلی۔ 26 فبروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم منموہن سنگھ میانمار کیلئے دوشنبہ کو روانہ ہورہے ہیں تاکہ BIMSTEC سمٹ میں شرکت کرسکیں ، جس کا مقصدہندوستان کی مشرق کی طرف دیکھو پالیسی کو بڑھاوا دینا ہے ، نیز اس خطہ کے ساتھ رابطہ میں اضافہ کرنا بھی ہے جس سے شمال ۔ مشرق کو فائدہ ہوگا اور انسداد دہشت گردی میں تعاون بڑھے گا ۔ ڈاکٹر سنگھ 4 مارچ کو اس سمٹ میں ٹرانسپورٹ کے جامع فروغ کے علاوہ سیاحت اور ماحولیات سے نمٹنے کے طریقہ کار پر بھی زور دیں گے ۔ معتمد خارجہ سجاتا سنگھ نے یہاں اخباری نمائندوں کو بتایا کہ یہ یقینی بنانا ہمارے مفادمیں ہے کہ شمال مشرقی خطہ کو ترقی کے معاملے میں اور خطوں سے پچھڑنے نہ دیا جائے ۔
منموہن کی شیخ حسینہ اور راجہ پکسے سے مجوزہ ملاقات
نئی دہلی ۔ 26 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم منموہن سنگھ آئندہ ہفتہ میانمار میں بنگلہ دیش ہم منصب شیخ حسینہ سے ملاقات کریں گے۔ معتمد خارجہ سجاتا سنگھ نے بتایا کہ میانمار میں 4 مارچ کو بمسٹک چوٹی اجلاس منعقد ہورہا ہے۔ اس موقع پر یہ ملاقات ہوگی۔ شیخ حسینہ نے عوامی لیگ پارٹی کی حالیہ انتخابات میں کامیابی کے بعد منموہن سنگھ سے ان کی یہ پہلی ملاقات ہوگی۔ تیستا ندی آبی تقسیم اور سرحدی معاہدہ پر ہندوستان کی توثیق میں تاخیر کے پس منظر میں یہ ملاقات کافی اہمیت کی حامل ہے۔ وزیراعظم منموہن سنگھ صدر سری لنکا مہیندا راجہ پکسے سے بھی ملاقات کریں گے۔انہوں نے تین ماہ قبل حکومت کے بعض گوشوں اور ٹامل سیاسی جماعتوں کے دباؤ کی وجہ سے دولت مشترکہ سربراہان کے اجلاس میں شرکت سے گریز کیا تھا۔ سجاتا سنگھ نے بتایا کہ یہ ملاقات 4 مارچ کو ہوگی۔