وزیراعظم کی حوصلہ افزائی سے جی ایچ ایم سی سے ہزار کروڑ کے بانڈس کی اجرائی

شہر کی سڑکوں کی تعمیرات کو ترجیح ، کے ٹی آر وزیر بلدی نظم و نسق کا بیان
حیدرآباد ۔ 22 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : وزیر بلدی نظم و نسق تلنگانہ کے ٹی آر نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی حوصلہ افزائی سے ہی جی ایچ ایم سی نے 1000 کروڑ روپئے کے بانڈس کی اجرائی عمل میں لائی ہے ۔ دونوں شہروں میں ایس آر ڈی بی کے تحت سڑکوں کی تعمیرات کو ترجیح دی جائے گی ۔ اسمبلی میں پرکاش گوڑ ، ایم گوپی ناتھ وغیرہ کی جانب سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے میٹرو ریل کے پہلے مرحلے کا افتتاح کرنے کے لیے نومبر میں حیدرآباد کا دورہ کیا تھا ۔ انہوں نے میونسپل باونڈز کی اجرائی کے تعلق سے پوچھا تھا اور یہ بھی بتایا تھا کہ وہ جب گجرات کے چیف منسٹر تھے تب انہوں نے احمد آباد بلدیہ کے لیے بانڈس کی اجرائی عمل میں لائی تھی ۔ وزیراعظم کی حوصلہ افزائی سے جی ایچ ایم سی نے بانڈس کی اجرائی عمل میں لائی ہے ۔ کارپوریشن کی مستحکم و قومی آمدنی اے اے کریڈٹ ویٹنگ کی بنیاد پر 1000 کروڑ روپئے کے بلدی بانڈس کی اجرائی عمل میں لائی گئی ہے ۔ پہلے مرحلے میں فینانس ( اسٹرائجیک روڈ ڈیولپمنٹ پروگرام ) ایس آر ڈی پی کے لیے بانڈز کے ذریعہ 200 کروڑ روپئے وصول ہوئے ہیں حیدرآباد کے لیے یہ پراجکٹس ترجیحی بنیاد پر آغاز کیا گیا ۔ جس کے تحت اسکائی ویز ، بڑے کاریڈورس ، بڑی سڑکیں ، فلائی اوور وغیرہ تعمیر کئے جائیں گے ۔ ٹریفک مسائل کی یکسوئی میں یہ پروگرام معاون و مددگار ثابت ہوگا ۔ بھاری ٹریفک سے گاڑیوں کے ایک مقام سے دوسرے مقام تک پہونچنے میں کافی وقت ضائع ہورہا ہے ۔ اس پروگرام کا مقصد سفر کے وقت کو کم از کم کرنا ہے ۔ اوسط سفر کی رفتار کو فی گھنٹہ 15 کیلو میٹر سے بڑھا کر 35 کیلو میٹر کرنا ہے ۔ ایندھن کی کمی سے کم کھپت کے ذریعہ فضائی آلودگی کو گھٹانا اور ٹریفک کی رفتار کو آسان بنانا ہے ۔ ایس آر ڈی پی کے تحت شہر میں تین ہزار کروڑ روپئے کے کام جاری ہیں ۔ اویسی ہاسپٹل تا ایل بی نگر ، آرام گھر ، زو پارک تا آرام گھر تک فلائی اوورس تعمیر کرنے کی تجویز تیار کی گئی ہے ۔ شہر کے کئی علاقوں میں ترقیاتی و تعمیری کام جاری ہیں ۔۔