نئی دہلی ۔ 22 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی کل دو قومی دورہ امریکہ و آئرلینڈ پر روانہ ہوجائیں گے۔ انہیں یقین ہیکہ ان کے اس دوروں سے ان دونوں ممالک کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات مزید گہرے ہوں گے۔ ان کے 7 روزہ دورہ کی پہلی منزل آئرلینڈ ہوگی جو ہندوستان کے کسی وزیراعظم کا تقریباً 60 سال بعد اولین دورہ ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس دورہ سے عوام سے عوام کے اور معاشی تعلقات مستقبل میں مزید ترقی کریں گے اور مستحکم ہوں گے۔ وہ نیویارک روانگی سے قبل ہندوستانی برادری سے بھی مختصر ملاقات کریں گے۔ مودی نیویارک میں اقوام متحدہ کی پائیدار ترقی چوٹی کانفرنس سے خطاب کریں گے اور بحالی امن کے موضوع پر ایک چوٹی کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے جس کے میزبان صدر امریکہ بارک اوباما ہوں گے۔ وہ کئی عالمی قائدین سے تبادلہ خیال کریں گے۔ علاوہ ازیں نامور سرمایہ کاروں اور معاشی شعبہ کی کمپنیوں سے بھی بات چیت کریں گے۔ ان کے اعزاز میں ایک ڈنر بھی دیا جارہا ہے جس میں وہ ہندوستان میں سرمایہ کاری کے مواقع پر روشنی ڈالیں گے۔ وہ سانجوس میں 27 ستمبر کو ہندوستانی برادری سے ملاقات کریں گے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ امریکہ کا دورہ کافی ثمرآور ثابت ہوگا۔