مالیاتی نقصانات کرنے والوں کو نریندر مودی سے حوصلہ افزائی ، وی ہنمنت راؤ
حیدرآباد ۔ 23 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : سکریٹری اے آئی سی سی و سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے مالیاتی نقصانات کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کرنے کا وزیراعظم پر الزام عائد کرتے ہوئے انہیں ان بدعنوانیوں کو ’ من کی بات ‘ پروگرام کا موضوع بنانے کا مشورہ دیا ۔ آج گاندھی بھون میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہا کہ دن بہ دن ہندوستان میں بدعنوانیوں میں اضافہ ہورہا ہے ۔ ملک کو لوٹنے والے لٹیرے پلک جھپکتے ہی ملک سے فرار ہورہے ہیں اور چوکیدار وزیراعظم نریندر مودی میٹھی نیند سورہے ہیں ۔ کانگریس کے قائد نے کہا کہ مودی نے 2014 کے عام انتخابات میں بی جے پی کو اقتدار حاصل ہونے پر کالے دھن کو ملک میں لانے اور ہر شہری کے بینک کھاتوں میں فی کس 15 لاکھ روپئے جمع کرنے کا وعدہ کیا تھا ۔ اقتدار حاصل کرنے کے بعد نریندر مودی نے امبانی اور دوسرے بڑے صنعتکاروں کے کالے دھن کو بچانے کے لیے ان سے سازباز کرتے ہوئے نوٹ بندی کا اعلان کیا ۔ انہیں اپنے کالے دھن کو وائیٹ کرنے کا مکمل موقع فراہم کیا ۔ ریلائنس کمپنی میں ماضی میں خدمات انجام دینے والے ارجت پٹیل کو آر بی آئی کا گورنر بناتے ہوئے امبانی کے کاموں کی مکمل حوصلہ افزائی کی ہے ۔ نوٹ بندی سے ملک کی معیشت کو نقصان پہونچانے کے بعد جی ایس ٹی کے ذریعہ عوام پر بوجھ عائد کردیا ۔ جس کے بعد ملک میں ہر دن ایک نئی بدعنوانی منظر عام پر آرہی ہے ۔ غریب اور متوسط طبقہ کے پاس موجود رقم کو بینکوں میں جمع کروانے والے مودی نے بینکوں کو دھوکہ دینے والوں کو سنہرا موقع فراہم کیا ہے ۔ ملک کو مالیاتی طور پر نقصان پہونچانے والے للت مودی ، وجئے مالیا اور نیرو مودی کو ملک سے فرار ہونے کا مرکزی حکومت نے مکمل موقع فراہم کیا ہے ۔ کانگریس کے صدر راہول گاندھی بدعنوانیوں کے خلاف حکومت کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں ۔ وزیراعظم لب کشائی سے گریز کررہے ہیں ۔ ہنمنت راؤ نے وزیراعظم کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے پروگرام من کی بات میں بدعنوانیوں کو موضوع بنائے ۔۔