وزیراعظم کو رافیل اسکام مسئلہ پر عوام سے معذرت خواہی کرنے کا مطالبہ

ارون جیٹلی اور نرملا سیتارامن کو وزارت سے مستعفی ہونے پر زور، ایس جئے پال ریڈی

حیدرآباد ۔22 ستمبر (سیاست نیوز) ترجمان آل انڈیا کانگریس کمیٹی ایس جئے پال ریڈی نے رافیل اسکام پر قوم سے معذرت خواہی کرنے کا وزیراعظم سے مطالبہ کیا۔ جھوٹ بولنے پر ارون جیٹلی اور نرملا سیتارامن کو وزارت سے استعفیٰ دینے پر زور دیتے ہوئے امبانی کو مودی کا بروکر قرار دیا۔ آج یہاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ایس جئے پال ریڈی نے کہا کہ رافیل اسکام سے وزیراعظم نریندر مودی کی الٹی گنتی شروع ہوگئی ہے۔ کانگریس کے قومی صدر راہول گاندھی رافیل جنگی جہازوں کی خریدی میں بڑے پیمانے پر بدعنوانیاں ہونے کے الزامات عائد کرتے رہے ہیں۔ مشترکہ پارلیمانی کمیٹی سے اس کی تحقیقات کرانے کا بھی مرکز سے مطالبہ کیا لیکن وزیراعظم ملک کی سیکوریٹی سے متعلق اسکام کو نظرانداز کرتے رہے۔ وزیردفاع نرملا سیتارامن اور مرکزی وزیرفینانس ارون جیٹلی نے پارلیمنٹ میں جھوٹ بولتے ہوئے ملک کے عوام کو دھوکہ دیا ہے۔ انہیں وزارت پر برقرار رہنے کا اخلاقی حق بھی نہیں ہے۔ فوری استعفیٰ دینے کا جئے پال ریڈی نے دونوں مرکزی وزراء سے مطالبہ کیا اور کہا کہ یو پی اے کے دورحکومت میں ایک جنگی جہاز 625 کروڑ روپئے میں حاصل ہورہا تھا۔ این ڈی اے حکومت نے اس کی قیمت بڑھاتے ہوئے ہوئے ایک جنگی جہاز 1675 کروڑ روپئے میں خریدا ہے۔ اس کے مینوفکچرنگ اور دیکھ بھال کی ذمہ دایر ایچ اے ایل کو دی جارہی تھی مگر مودی نے اپنے صنعتکار دوست امبانی کو دی ہے۔ فرانس کے سابق صدر نے انکشاف کیا کہ ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی کے دباؤ کو قبول کیا گیا ہے۔ کانگریس نے جو الزامات عائد کئے تھے آج وہ درست ثابت ہوگئے ہیں۔ کانگریس کے قومی ترجمان ایس جئے پال ریڈی نے کہا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک ملک کو نقصان پہنچنے کی دوسری ملک نے تصدیق کی ہے۔ اس وقت کے وزیردفاع کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے منوہرپاریکر کو بھی اس معاہدے کے بارے میں اندھیرے میں رکھا گیا تھا۔ خود منوہرپاریکر نے اس کا اعتراف کیا ہے۔ جئے پال ریڈی نے رافیل معاہدے کوملک کا سب سے بڑا اسکام قرار دیا اور کہا کہ اس معاہدے سے 4 سال کے دوران امبانی کو لاکھوں کروڑہا روپئے کا فائدہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاکھوں کروڑہا روپئے کے معاہدے میں متعلقہ وزیر نہیں تھے مگر وزیراعظم کے ساتھ امبانی تھے۔ ترجمان اے آئی سی سی نے رافیل اسکام پر خاموش رہ کر ناٹک کرنے کا نریندر مودی پر الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ رافیل معاہدے پر کانگریس جو اعدادوشمار پیش کررہی ہے وہ غلط ہونے کا وزیراعظم کیوں دعویٰ نہیں کررہے ہیں۔ جئے پال ریڈی نے کہا کہ جیٹلی مودی کے وفادار وکیل ہوسکتے ہیں مگر ملک کے وفادار نہیں ہوسکتے۔ کانگریس پارٹی ملک کی حفاظت کیلئے رافیل جنگی جہاز خریدنے کے حق میں ہے مگر اس خریداری میں شفافیت چاہتی ہے۔ سرکاری ادارے ایچ اے ایل کے بجائے ذمہ داری امبانی گروپ کو دینے کی مخالفت ہے۔