وزیراعظم کا پنجاب اور ہماچل پردیش کی مدد کا تیقن

مواصلاتی خدمات فراہم کنندوں کو صارفین کو اعلیٰ سطحی اطمینان فراہم کرنا ہوگا
نئی دہلی ۔ 26 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج تیقن دیا کہ پنجاب اور ہماچل پردیش کے موسلادھار بارش اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کو ضروری مدد فراہم کریں گے۔ ان دونوں ریاستوں کے بعض علاقوں میں مسلسل بارش کی وجہ سے اچانک سیلاب آ گیا ہے اور زمین کھسکنے کے واقعات پیش آئے ہیں جن میں پیر کے دن جموں و کشمیر، ہماچل پردیش اور ہریانہ میں کم از کم 11 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ وزیراعظم نے چیف منسٹر ہماچل پردیش سے اور چیف منسٹر پنجاب سے قبل ازیں بات چیت کی۔ انہوں نے اپنے ٹوئیٹر پر تحریر کیا کہ وہ مرکز کی جانب سے ہر ممکن مدد کا تیقن دے چکے ہیں کیونکہ دونوں ریاستوں میں مسلسل موسلادھار بارش کی وجہ سے سیلاب آ گیا ہے۔ 29 ویں بین الاقوامی مواصلاتی ٹیکنالوجی چوٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے کہاکہ مواصلات خدمات فراہم کنندوں کو اس بات کو یقینی بنانا چاہئے کہ وہ صارفین کو مطمئن کرنے والی خدمات فراہم کریں۔ انہوں نے آج اس شعبہ کی شکایات کی یکسوئی کا جائزہ لیا اور انہوں نے کہاکہ حکومتوں کو مواصلاتی خدمات کے بارے میں زیادہ چوکس ہوجانا چاہئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ مواصلات سے مربوط مسائل کی یکسوئی جدید ترین ٹیکنالوجی پر مبنی طریقوں سے ہوسکتی ہے۔ انہوں نے پرزور انداز میں کہا کہ مواصلاتی خدمات فراہم کنندوں کو اپنے صارفین کو اعلیٰ سطحی خدمات فراہم کرتے ہوئے انہیں مطمئن کرنا چاہئے۔