نئی دہلی ۔ 5اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) عوام کو ایسٹر کی مبارکباد دیتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ حضرت عیسیؑ مسیح کی تعلیمات سے دنیا ایک ہمدرد مقام بن گئی ہے ۔ انہوں نے ہر ایک کو ایسٹر کی مبارکباد دیتے ہوئے دُعا کی کہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور اخوت کا جذبہ پورے سماج میں پیدا ہوجائے ۔ انہوں نے کہا کہ حضرت عیسیؑ مسیح کا پیغام پورے عالم انسانیت کے سرچشمہ وجدان ہے اور ایک ہمدردی اور مسرت کا تہوار ہے ۔ ایسٹر کے دن عیسائی حضرت عیسیؑ کے دوبارہ جی اٹھنے کا جشن مناتے ہیں ۔ ناگاپٹنم میں ہزاروں افراد نے خصوصی دعائیہ اجتماع میں شرکت کے لئے جلتی ہوئی موم بتیوں کے ساتھ جلوس نکالا ۔ کیرالا میں بھی ایسٹر کا تہوار پورے جوش وخروش اور مسرت کے ساتھ منعقد کیا گیا ۔ شمال مشرقی ہند میں آج ایسٹر کا اتوار پورے جوش وخروش اور خوشی و مسرت کے جذبات کے ساتھ منعقد کیا گیا ۔ ہر گرجا گھر میں خوشی و مسرت کا ماحول چھایا ہوا تھا ۔ میگھالیہ میں بھی پورے جوش و خروش سے ایسٹر کا تہوار منایا گیا ۔ مختلف عیسائی تنظیموں نے خصوصی پروگرام جیسے طلوع آفتاب کے وقت دعائیہ اجتماع ‘ تقریر کی محفلیں اور مذہبی گیتوں کا انتظام کیا گیا تھا ۔