وزیراعظم کا آج دورہ ، ادھم پور میں سخت سکیورٹی انتظامات

جموں ، یکم اپریل (یو ا ین آئی) وزیر اعظم نریندر مودی کے دورئہ جموں وکشمیر کے پیش نظر خطہ جموں بالخصوص ادھم پورہ، رام بن اور جموں اضلاع میں کثیر دائروں والے حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔ مسٹر مودی اتوار کو ریاست کا دورہ کرکے کشمیر شاہراہ پر ضلع ادھم پور میں بنائی گئی ایشیاء کی سب سے بڑی روڑ ٹنل کو قوم کے نام وقف کریں گے ۔ چنانی ناشری ٹنل کو قوم کے نام وقف کرنے کے بعد وزیر اعظم مودی ادھم پور میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کریں گے ۔ سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ سپیشل پروٹکشن گروپ (ایس پی جی) نے ٹنل کی افتتاحی تقریب کے مقام اور جلسہ گاہ کو اپنے کنٹرول میں لے لیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم کے دورے کے پیش نظر کشمیر شاہراہ پر سیکورٹی فورسز کی ایک بڑی تعداد کو تعینات کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے مختلف سیکورٹی ایجنسیوں کے مابین تال میل پر زور دیا۔مذکورہ میٹنگ جس میں ریاستی پولیس، نیم فوجی ایجنسیوں، سراغرساں ایجنسیوں اور سول انتظامیہ کے اعلیٰ افسروں نے شرکت کی، میں پولیس سربراہ نے سرحدی علاقوں میں الرٹ جاری کر نے کا اعلان کرتے ہوئے صورتحال پر کڑی نگاہ رکھنے کی ہدایت دی۔