بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری سری کانت شرما کا بیان، نواز شریف کے تبصرہ پر ردعمل
نئی دہلی 14 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی نے آج وزیراعظم پاکستان نواز شریف کے کشمیر کے بارے میں تبصرہ کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ہندوستان پڑوسی ملک کی سازش کے خلاف متحد ہے۔ پڑوسی ملک اپنی کوششوں میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہوسکے گا۔ بی جے پی نے کہاکہ پاکستان بین الاقوامی برادری کے سامنے بے نقاب ہوگیا ہے کیوں کہ وہ دہشت گردوں کی سرپرستی کررہا ہے۔ پاکستان مقبوضہ کشمیر اور بلوچستان میں مظالم کررہا ہے۔ اس پر بین الاقوامی برادری کو توجہ مرکوز کرنا ضروری ہے۔ پورا ملک پاکستان کی سازش کے خلاف متحد ہے اور پاکستان کو انتباہ دیتا ہے کہ کشمیر میں اِس قسم کی غلط مہم جوئی سے باز آجائے جو وہ اپنے ایجنٹوں کے ذریعہ کررہا ہے۔ یہ ایجنٹ بھی بے نقاب ہوچکے ہیں۔ بی جے پی کے قومی سکریٹری شری کانت شرما نے کہاکہ پاکستان ایک دہشت گرد مملکت ہے اور دہشت گردوں جیسے حافظ سعید اور مولانا مسعود اظہر اور سید صلاح الدین کی سرپرستی کررہا ہے۔ پاکستان کے مظالم کا نیا چہرہ بلوچستان اور پاکستانی مقبوضہ کشمیر میں بے نقاب ہوچکا ہے۔ ہندوستان نے ہمیشہ پاکستان کو بے نقاب کیا ہے کیوں کہ یہ دہشت گرد مملکت ہے۔ اِس کو بین الاقوامی دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرنی چاہئے۔
پاکستان ہمیشہ بے نقاب کیا جاتا رہا ہے وہ اپنی کوششوں میں کبھی کامیاب نہ ہوسکے گا۔ پاکستان کو چاہئے کہ کشمیر کا خواب دیکھنا چھوڑ دے اور اندرون ملک مسائل پر توجہ مرکوز کرے۔ شرما نے کہاکہ جس انداز میں پاکستان اور اس کی فوج نے بلوچستان اور پاکستانی مقبوضہ کشمیر میں مظالم کئے ہیں، نواز شریف کو جان لینا چاہئے کہ اس کے بارے میں پاکستان میں بے چینی پھیلی ہوئی ہے۔ وہ ناراضگی دور کرنے کے بجائے اپنے ایجنٹوں کے ذریعہ ہندوستان میں پوشیدہ جنگ کررہا ہے۔ وزیراعظم پاکستان نواز شریف نے آج عیدالاضحی کو ’’عظیم ترین قربانیوں‘‘ کے لئے وقف کرتے ہوئے کہا تھا کہ کشمیریوں کی آوازوں کو فوج کے ذریعہ کچلا نہیں جاسکتا۔ ہم کشمیریوں کی قربانیوں کو نظرانداز نہیں کرسکتے۔ یہ درپردہ ہندوستان پر کشمیریوں پر فوج کے ذریعہ مظالم کا الزام عائد کرنا تھا۔ وزیراعظم نواز شریف نے اپنے پیام عید کے موقع پر ہندوستان کا نام لئے بغیر اُس پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ ریاست جموں و کشمیر کے عوام پر فوج کے ذریعہ مظالم کرنے میں ملوث ہے۔