وزیراعظم پاکستان کا دورۂ سعودی عرب ملک سلمان سے ملاقات مقرر

اسلام آباد 3 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم پاکستان نواز شریف 2 روزہ سرکاری دورہ سعودی عرب پر جس کا آغاز کل سے ہورہا ہے، سعودی عرب کے نئے فرمانروا ملک سلمان سے باہمی اور علاقائی مسائل پر تبادلہ خیال کریں گے۔ نواز شریف ملک سلمان کی خصوصی دعوت پر سعودی عرب کا دورہ کررہے ہیں جنھوں نے اپنے سوتیلے بھائی ملک عبداللہ کے جنوری میں انتقال کے بعد حکومت کی باگ ڈور سنبھالی ہے۔ یہ وزیراعظم پاکستان کا اولین دورہ سعودی عرب ہوگا۔ 2013 ء میں وزیراعظم کے عہدہ پر فائز ہونے کے بعد وہ پہلی بار سعودی عرب کے سرکاری دورہ پر روانہ ہورہے ہیں۔