وزیراعظم نیپال کا 6اپریل کو دورۂ ہند

نئی دہلی 30مارچ (سیاست ڈاٹ کام )نیپال کے وزیر اعظم کے پی شرما اولی 6اپریل کو تین سہ روزہ دورے پر ہندستان آرہے ہیں ۔ اولی وزیر اعظم نریندر مودی کی دعوت پر آرہے ہیں ۔انکے ساتھ انکی اہلیہ رادھیکا شاکیہ اور اعلی سطحی وفد بھی آئے گا۔وزرات خارجہ کی طرف سے آج یہاں جاری کی گئی پریس ریلیز کے مطابق مسٹر اولی اپنے دورے کے دوران وزیر اعظم مودی کے ساتھ میٹنگ کرنے کے علاوہ صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند اور نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو سے ملیں گے ۔وزیر خارجہ سشما سوراج اور کچھ دیگر وزرا بھی نیپالی وزیر اعظم سے ملیں گے ۔ہندستان اور نیپال کے درمیان طویل عرصہ سے دوستانہ اور تعاون پر مبنی رشتے ہیں ۔نیپال کے وزیر اعظم کے اس دورے سے دونوں ملکوں کے باہمی رشتوں کو اور مضبوط کرنے نیز تعاون بڑھانے کا موقع ملے گا ۔مسٹراولی پنت نگر میں واقع جی بی پنت یونیورسٹی آف ایگری کلچر اینڈ ٹکنالوجی بھی جائیں گے ۔پہلی بار وزیر اعظم بننے پر وہ 2016میں 18سے 26فروری تک ہندستان کے دورے پر رہے تھے ۔