وزیراعظم نظریاتی عدم رواداری کا شکار :جیٹلی

نئی دہلی ۔ یکم ؍ نومبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس اور بائیں بازو کے دانشور قائدین پر تنقید کرتے ہوئے وزیر فینانس ارون جیٹلی نے آج ان پر الزام عائد کیا کہ وہ بی جے پی اور وزیراعظم نریندر مودی کے تعلق سے نظریاتی عدم رواداری پر عمل پیرا ہیں ۔ اور میڈیا کے ذریعہ سماج کے اندر یہ بات پھیلانے کی منظم سازش کررہے ہیں کہ بی جے پی اور وزیراعظم مودی غیر روادار ہیں ۔ ان دونوں جماعتوں کا پروپگنڈہ وزیراعظم کی امیج کو ٹھیس پہونچانے کے لئے ہے ۔ ارون جیٹلی نے ہندوستان کے بہی خواہوں سے اپیل کی کہ وہ ایسے بیانات پر دھیان نہ دیں جس سے ترقی کی فضاء میں رکاوٹ پیدا ہوسکتی ہے۔ ایسے کئی لوگ ہیں جو اقتدار میں آنے کے بعد بی جے پی کے نظریہ کو دانشورانہ طور پر سمجھداری کے ساتھ قبول کرنے ہرگز تیار نہیں ہیں ۔ بلاشبہ ان گروپس میں کانگریس بھی شامل ہے اور بائیں بازو کے کئی دانشور لوگ بھی ہیں ۔ برسوں سے یہ لوگ بی جے پی کے خلاف کام کررہے ہیں اور نظریاتی عدم رواداری کو پھیلارے ہیں ۔