وزیراعظم نریندر مودی کی نیپال کے سیاسی استحکام کی ستائش

نیپال بھارت مائتری پشوپتی دھرمشالہ کا نریندر مودی کے ہاتھوں افتتاح
کٹھمنڈو ۔ 31 اگست (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج اظہاراطمینان کیا کہ نیپال سیاسی اعتبار سے مستحکم ہے اور تیقن دیا کہ ہندوستان چاروں طرف سے زمین سے گھرے ہوئے ملک کی ترقی کی سمت پیشرفت میں بھرپور مدد کرے گا۔ وہ نیپال بھارت مائتری پشوپتی دھرمشالہ کی مشترکہ تقریب افتتاح سے خطاب کررہے تھے۔ یہ یاتریوں کیلئے ایک گیسٹ ہاؤس ہے۔ ان کے ہمراہ وزیراعظم نیپال کے پی شرما اولی بھی تھے۔ مودی نے کہا کہ ہر ہندوستانی مسرور ہے یہ دیکھ کر کہ نیپال میں سیاسی استحکام موجود ہے۔ 400 بستروں پر مشتمل گیسٹ ہاؤس پشوپتی مندر کے احاطہ میں 14 کروڑ روپئے کی ہندوستانی امداد سے تعمیر کیا گیا ہے۔ مودی نے کہا کہ یاتریوں کیلئے گیسٹ ہاؤس شہرہ آفاق پشوپتی ناتھ مندر کے احاطہ میں تعمیر کیا گیا ہے اور دونوں ممالک کے عوام کے طاقتور تعلقات کی علامت ہے۔ نیپال میں سیاسی استحکام ہونے کی وجہ سے یہ ملک تیز رفتاری سے ترقی کررہا ہے۔ ہندوستان کی نیک خواہشات اور تائید ہمیشہ نیپال کے ساتھ رہیں گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ نیپال کی شہنشاہیت سے جمہوریت کی سمت تبدیلی سے سیاسی عدم استحکام پیدا ہوا تھا۔ کسی بھی حکومت نے اپنی میعاد مکمل نہیں کی۔ بعدازاں 1990ء میں کثیر جماعتی جمہوریت کا نظام قائم ہوا۔ وزیراعظم ہندوستان نے کہا کہ عام انتخابات گذشتہ سال نومبر میں منعقد ہوئے انہیں نیپال کی شاہی نظام سے وفاقی جمہوریت کی سمت پیشرفت کا آخری مرحلہ سمجھا جاتا ہے۔ 10 سال تک یعنی 2006ء تک نیپال میں خانہ جنگی ہوتی رہی جس میں 16000 انسانی جانیں ضائع ہوئیں۔ وزیراعظم مودی نے یہ بھی نشاندہی کی کہ ہندوستانی معیشت تیز رفتار سے ترقی کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنے نیپالی بھائیوں اور بہنوں سے کہنا چاہتا ہوں کہ جب ہم ترقی کی بات کرتے ہیں تو اسے ان کو بھی پوری دلچسپی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سوچ کی روایت ہے۔ اگر ہمارے پڑوسی خوشحال ہیں تو ہم بھی خوشحال رہ سکتے ہیں۔ مودی نے کہا کہ کٹھمنڈو پشوپتی ناتھ، مکی ناتھ اور جانکی دھام نہ صرف نیپال بلکہ ہندوستان کیلئے بھی طاقت اور تحریک کی وجہ ہیں۔ مودی نے کہا کہ کنہیا کماری سے کٹھمنڈو تک ممکن ہیکہ فاصلہ زیادہ ہو لیکن ہندوستانی عوام اور نیپالی عوام کے دلوں کے درمیان اتنا فاصلہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیپال بھارت مائتری پشوپتی دھرمشالہ کی تکمیل دونوں ممالک کے درمیان ربط کا ایک سنگ میل ہے اور اسے دونوں ممالک کے باہمی تمدنی تعلقات اور بھی مستحکم ہوئے ہیں۔ نیپال کی وزارت خارجہ نے اپنے ایک بیان میں افتتاحی تقریب کی تفصیل بیان کی ہے۔