وزیراعظم نریندر مودی کا آج دورہ وارانسی

ٹرین کو ہری جھنڈی دکھانے اور 8 ہزارافراد میں امداد کی تقسیم کا پروگرام
وارانسی 21 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی کل وارانسی کا دورہ کررہے ہیں جہاں وہ مختلف پروگراموں میں شرکت کریں گے اور 8 ہزار افراد میں امداد کی تقسیم عمل میں لائیں گے۔ وزیراعظم جو مئی 2014 ء میں اقتدار سنبھالنے کے بعد اپنے اس حلقہ کا پانچویں مرتبہ دورہ کررہے ہیں، شخصی طور پر چند ضرورت مندوں میں امداد تقسیم کریں گے۔ اس کے علاوہ ملک کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والے بچوں کے ساتھ ملاقات کریں گے۔ زائداز 25 ہزار امدادی اشیاء جیسے وہیل چیرس، ہاتھ سے چلائی جانے والی ٹرائی سیکلس اور سماعت والے آلے اور دیگر ساز و سامان تقسیم کریں گے۔ وزارت سماجی انصاف اور ماحولیات نے اس تقریب کا انتظام کیا ہے۔ وزیراعظم نے حال ہی میں اپنے ریڈیو خطاب میں ایک لفظ ’’معذور‘‘ کا استعمال کرنے سے گریز کیا تھا اور کہا تھا کہ ایسے افراد کے لئے قدرتی طور پر پیدا ہونے والے اہم شہری کا جملہ استعمال کرنا چاہئے تاکہ سماج میں وہ پورے وقار اور عزت کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔ یہ بھی اطلاعات ہیں کہ حکومت ایک نیا معذورین قانون بھی وضع کرے گی جس کے تحت اس لفظ ’’معذور‘‘ کو جہاں کہیں بھی استعمال کیا جارہا ہے تبدیل کردیا جائے گا۔ تمام قومی اداروں میں لفظ معذور کا استعمال نہیں ہوگا۔ وزیراعظم مودی اس دورہ کے موقع پر ایک سوپر فاسٹ ٹرینو ارانسی سے نئی دہلی کا افتتاح کریں گے۔