چیف منسٹر دہلی کجریوال سے ملاقات میں رکاوٹ، چیف منسٹر کی توہین، جے سی دیواکر ریڈی کا ردعمل
حیدرآباد 17 جون (سیاست نیوز) سینئر قائد تلگودیشم پارٹی و رکن پارلیمان حلقہ لوک سبھا اننت پور جے سی دیواکر ریڈی نے وزیراعظم نریندر مودی پر آمرانہ طرز عمل اختیار کرنے کا الزام عائد کیا اور سنسنی خیز ریمارکس کرتے ہوئے کہاکہ چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال سے ملاقات کرنے کیلئے پہونچنے والے مختلف ریاستوں کے چیف منسٹر کو ملاقات کرنے سے روک کر ان چیف منسٹرس کی توہین کی گئی۔ انھوں نے اخباری نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ محض وزیراعظم کی ایماء پر ہی مبینہ طور پر چیف منسٹر دہلی سے ملاقات کرنے سے روکتے ہوئے لیفٹننٹ گورنر دہلی نے چیف منسٹروں کو ملاقات کرنے کا موقع فراہم نہیں کیا گیا۔ جے سی دیواکر ریڈی نے لیفٹننٹ گورنر دہلی کے اس رویہ پر گہرے تاسف کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ مسئلہ کی یکسوئی کو بالکلیہ طور پر نظرانداز کرکے مودی کی زیرقیادت حکومت ہر مسئلہ پر سیاست کرنے کی کوشش کررہی ہے۔