باہمی تعلقات میں نئی توانائی پیدا کرنے ، ترک وطن اور انسداد دہشت گردی پر تبادلۂ خیال ۔ سائنس اور ٹکنالوجی کی تاریخ کا مشاہدہ
لندن ۔ 18اپریل ۔( سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم نرنیدر مودی اور وزیراعظم برطانیہ تھریسا مئے کی آج وسیع تر موضوعات پر مذاکرات اور مابعد برک سیٹ باہمی تعلقات میں نئی توانائی پیدا کرنے کے مسئلہ پر بات چیت ہوئی ۔ مودی 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ پر ناشتہ پر ملاقات کیلئے پہونچے تھے ۔ اُن کا استقبال روایتی مصافحہ کے ذریعہ وزیراعظم برطانیہ نے کیا اور کہا : ’’لندن میں آپ کا استقبال ہے وزیراعظم‘‘ ۔ دونوں قائدین نے باہمی تعاون میں اضافہ پر تبادلۂ خیال کیا۔ علاوہ ازیں وسیع تر مذاکرات کے ذریعہ دونوں ممالک کے تعلقات میں تازہ استحکام پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا ۔ وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے اپنے ٹوئٹر پر تحریر کیا کہ برطانیہ نے 23 جون 2016 ء کو فیصلہ کیا تھا کہ 28 رکنی یوروپی یونین سے تخلیہ کیا جائے ، اس کے بعد ہند۔پاک تعلقات میں سردمہری پیدا ہوگئی تھی ۔ ایک سینئر ہندوستانی عہدیدار نے کہاکہ ہندوستان اور برطانیہ وزیراعظم کے دورہ کے موقع پر کئی معاہدات پر دستخط کریں گے ۔ ایک یادداشت مفاہمت غیرقانونی تارکین وطن کے بارے میں ہوگی جن کی مدت قیام 2014 ء میں ختم ہوچکی ہے اور اس کی سرکاری طورپر تجدید ضروری ہے ، اس کے لئے کئی کارروائیاں کرنی ہوں گی جن میں سے تقریباً 12 مفاہمت کی یادداشتوں پر مختلف شعبوں میں دستخط کئے جائیں گے ۔
یہ تعلقات کئی شعبوں میں پھیلے ہوئے ہیںاور وزیراعظم کا دورہ اس مسئلہ کی یکسوئی میں مصروف رہے گا ۔ وزیراعظم برطانیہ سے ملاقات کے بعد وزیراعظم مودی نے سائنس میوزیم کادورہ کیا اور سائنس اور ایجادات نمائش کا مشاہدہ کیاجو اس کی 5,000 سالہ تاریخ پر محیط ہے جس میں ہندوستانی نژاد اور دیگر سائنسداں اور موجدین جو برطانیہ میں مقیم تھے شامل ہیں۔ اس تقریب کے میزبان شہزادہ چارلس آیورویدک سنٹر برائے مہارت میں مودی کے اعزاز میں ظہرانہ ترتیب دیں گے جس کا مقصد یوگا کے بارے میں تحقیق اور آیوروید کے بارے میں عالمی سطح پر اپنی نوعیت کے پہلے نٹورک کا قیام ہوگا ۔ شہزادہ چارلس اور نریندر مودی اکیڈیمی ساؤتھ ایشین ڈانس گروپ کے فن کے مظاہرے کا سائنس میوزیم میں مشاہدہ بھی کریں گے ۔ کلارینس ہاؤس کے ٹوئٹر کے بموجب نمائش میں سائنس اور ٹکنالوجی کی تاریخ میں ہندوستان کا کردار اور تحقیقات کے ذریعہ مختلف موضوعات بشمول خلاء میں دھماکے اور انجینئرنگ کے موضوعات پر ہندوستان کی دین بھی شامل ہوگی ۔ علاوہ ازیں برطانیہ میں ساڑی پہننے والی ہندوستانی خواتین اور اُن کے ساتھ دھوتیوں میں ملبوس مرد بھی ڈاؤننگ اسٹریٹ کے باہر وزیراعظم ہندوستان کا استقبال کریں گے ۔ وہ ایک بیانر اُٹھائے ہوئے ہوں گے جس پر تحریر ہوگا کہ ’’ہندوستان میں امن ہمیشہ فیشن ہے ‘‘۔ مودی اسٹاکہوم سے کل رات لندن پہونچے ہیں اور دولت مشترکہ کے سربراہان حکومت کے چوٹی کانفرنس میں انھوں نے شرکت کی ہے ۔ ایرپورٹ پر معتمد خارجہ بورس جانسن نے اُن کا استقبال کیا تھا ۔ دونوں قائدین نے رات دیر گئے ایک اجلاس ہیترو ایرپورٹ پر ہند۔ برطانیہ باہمی تجارت کے موضوع پر منعقد کیا تھا ۔ جانسن نے مودی کے استقبال کو اپنے لئے ایک اعزاز قرار دیا ۔