وزیراعظم مودی ہفتہ کو اجمیر میں ریالی سے خطاب کریں گے

جئے پور۔3 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی چیف منسٹر راجستھان وسندھرا راجے کی گائورو یاترا کی تکمیل پر ہفتہ کو اجمیر میں ایک عام ریالی سے مخاطب کریں گے۔ اس یاترا کا آغاز اگست میں ہوا تھا۔ پارٹی کے ایک عہدیدار نے آج یہ بات بتائی۔ پارٹی کی ریاستی یونٹ کے صدر مدن لال سائینی نے کہا کہ وزیراعظم پشکر میں برہما مندر بھی جائیں گے۔ سائینی نے یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ اجمیر میں اس تاریخی ریالی میں تقریباً تین لاکھ پارٹی ورکرس شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی اس ریاست میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے سلسلہ میں پارٹی ورکرس کی رہنمائی کریں گے۔ سائینی نے کہا کہ راجے کی اس یاترا کی اچھی پذیرائی کی گئی جس کا آغاز ادے پور ڈیویژن کے تحت راجسامند ڈسٹرکٹ میں چاربھوجناتھ مندر سے ہوا تھا۔