نئی دہلی ۔ 28 اگست (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج اپنی حکومت کی میگا اسکیم ’جن دھن یوجنا‘ کا آغاز کرتے ہوئے اعلان کیا کہ اس کا مقصد غریبوںکو بینک کھاتے فراہم کرتے ہوئے اقتصادی اچھوت پن کا خاتمہ ہے۔ افتتاحی روز ریکارڈ 1.5 کروڑ بینک کھاتے ملک بھر میں کھولے گئے، جو دنیا بھر میں کہیں بھی کسی ممکنہ ایک دن میں اس طرح کی سب سے بڑی مساعی ہے۔ نئی حکومت تشکمیل پانے کے اندرون 100 یوم اس اسکیم کو متعارف کراتے ہوئے مودی نے کہا کہ یہ 26 جنوری 2015ء تک 7.5 کروڑ لوگوں کا احاطہ کرے گی، جنہیں ’زیرو بیالنس‘ پر بینک کھاتہ RuPay ڈیبٹ کارڈ کے ذریعہ فراہم کیا جائے گا جس کے ساتھ 30 ہزار روپئے کا لائف انشورنس بیما اور اس کے علاوہ ایک لاکھ روپئے کا حادثاتی بیمہ بھی کیا جائے گا۔ بعدازاں کھاتہ داروں کو 5000 روپئے تک کی حد سے زیادہ رقم کی حصولیابی کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ وزیراعظم مودی نے کہا کہ ’’اگر مہاتما گاندھی نے سماجی اچھوت پن کو ختم کرنے کیلئے جدوجہد کی، اگر ہم چاہتے ہیں کہ غربت کا خاتمہ ہوجائے تو ہمیں سب سے پہلے اقتصادی اچھوت پن سے چھٹکارا پانا ہوگا۔ ہمیں مالیاتی نظام کے ساتھ ہر شخص کو جوڑنا ہوگا۔ اور اس کے لئے اس پروگرام کو ترتیب دیا گیا ہے۔ جب کوئی بینک کھاتہ کھولا جاتا ہے تو یہ اصل معاشی دھارے میں شامل ہونے کی سمت ایک قدم ہوتا ہے‘‘۔ مودی نے 1969ء میں بینکوں کو قومیانے کی یاد تازہ کی اور فینانشل سسٹم کو غریب کے دہلیز تک پہنچا دینے کے مقصد کا اعادہ کیا۔ ’’لیکن مجھے یہ کہتے ہوئے تاسف ہیکہ 68 سال کی آزادی کے بعد 68 فیصد آبادی تک کا بینکنگ سسٹم کے ذریعہ احاطہ نہیں ہوا ہے‘‘۔