نائی پائی تا 11 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج میانمار کے صدر یوتھین سین سے ملاقات کی اور باہمی اُمور پر تبادلہ خیال کیا۔ وہ 10 روزہ سہ قومی دورہ کے موقع پر 40 سے زائد عالمی قائدین سے ملاقات کرنے والے ہیں۔ اُنھوں نے صدارتی محل میں صدر سے ملاقات کی اور اِس سے پہلے میانمار ایرپورٹ پہونچتے ہی اُنھیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ اِس کے علاوہ نوجوان لڑکے اور لڑکیوں نے روایتی لباس میں نریندر مودی کا خیرمقدم کیا۔ ایرپورٹ پر خیرمقدم کرنے والوں میں میانمار کے وزیر صحت بھی شامل تھے۔ تقریباً 45 منٹ کی ملاقات کے بعد مودی نے ٹوئٹر پر لکھا کہ صدر یوتھین سین سے ملاقات کافی اچھی رہی۔ ہم نے باہمی روابط کے سلسلہ میں کئی پہلوؤں کا احاطہ کیا۔ اُنھوں نے لکھا کہ ثقافتی شعبہ کے علاوہ تجارت اور باہمی روابط کو مزید مستحکم بنانے کے سلسلہ میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نریندر مودی توقع ہے کہ بارہویں سالانہ آسیان ۔ ہند چوٹی اجلاس میں کل علاقائی رابطہ کو مزید مؤثر بنانے کی وکالت کریں گے۔ وزیر اُمور خارجہ کے ترجمان سید اکبرالدین نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لکھا کہ دونوں قائدین نے جامع تبادلہ خیال کیا اور باہمی روابط کے سلسلہ میں مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا۔ قبل ازیں وزیراعظم نے لینڈنگ کے ساتھ ہی ٹوئٹ کیاکہ ’’نائی پائی تا پہونچ چکے ہیں، یہاں ہمارا زبردست خیرمقدم کیا گیا اور یہ خوبصورت ملک ہے‘‘۔ اِس سے پہلے مودی نے ٹوئٹر پر لکھا تھا کہ ’’جنوب مشرقی ایشیاء سے ہمارے روابط کافی گہرے ہیں‘‘۔ میانمار میں بین الاقوامی چوٹی اجلاس کے موقع پر مودی کی صدر روس ڈیمتری میڈویڈوف، جنوبی کوریا کے صدر پارک گیون تھائی اور صدر سنگاپور ٹونی ٹان کے علاوہ میزبان صدر تھین سین سے ملاقات ہوگی۔