کثرت میں وحدت ہی ہندوستان کی طاقت : ترقی کی ضامن
نئی دہلی ۔ 25جون ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم نریندر مودی نے آج تمام کو عیدالفطر کی مبارکباد دی اور کہا کہ یہ عید ملک کی کثرت میں وحدت کی شان کو اجاگر کرتی ہے جو ہندوستان کی طاقت ہے ۔ اس عید کے موقع پر سارے معاشرہ میں خوشیاں اور خوشحالی بکھیرتی ہے ۔ یہ ملک اپنے کثیر الوجود طاقت کے ذریعہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے ۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ہندوستان کی کثرت میں وحدت ہی اس کی خصوصیت ہے اور اس کی طاقت ہے ۔ مقدس ماہ رمضان کو پورے تقدس و احترام کے ساتھ منایا جاتا ہے ۔ مودی نے اپنے ماہانہ ریڈیو پروگرام ’’ من کی بات ‘‘ میں کہا کہ اب ملک بھر میں عید کا سماں ہے اور اس عید الفطر کے موقع پر میں تمام کو مبارکباد پیش کرتا ہو ۔ عیدالفطر ماہ رمضان اور روزہ و عبادات کے بعد منائی جانے والی خوشی کا نام ہے جو کل سارے ملک میں منعقد ہوگی ۔ مودی نے مزید کہا کہ رمضان ایک عبادتوں کا مہینہ ہے اس سے روح کی پاکیزگی کے ساتھ خوشیوں کو دوبالا کرنے والا موقع ملتا ہے ۔
آیئے ہم تمام اس خوشی کے موقع پر مل کر ایسے عظیم الشان تہوار کے جذبات سے سرشار ہوکر ایک دوسرے کو خوشی بانٹیں اور ملک کو ترقی کی راہ پر لے جائیں ۔ کثرت میں وحدت پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم مودی نے اس سلسلہ میں لارڈ جگناتھ یاترا کا بھی حوالہ دیا جو آج نکالا جارہا ہے ۔ اس موقع پر میں عوام کو مبارکباد دیتا ہوں ۔رمضان کے بارے میں ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم مودی نے اترپردیش کے ضلع بجنور میں واقع مسلم اکثریتی موضع مبارکپور کے عوام کے جذبہ خیرسگالی کا حوالہ دیا اور کہا کہ رمضان کے دوران اس موضع کے لوگوں نے جہاں کی آبادی 3,500خاندانوں پر مشتمل ہے اور زیادہ تر مسلمان ہیں فیصلہ کیا کہ ایک بیت الخلاء کی تعمیر کی جائے ‘ ان کی اس کوششوں میں حکومت نے تعاون کرتے ہوئے تقریباً 17لاکھ روپئے فراہم کئے تھے لیکن آپ کو یہ جانک ر خوشی ہوگی کہ تمام مسلم بھائیوں اور بہنوں نے رمضان کے موقع پر یہ 17لاکھ روپئے کی رقم حکومت کے حوالے کرتے ہوئے یہ کہا کہ ان لوگوں نے یہ بیت الخلاء اپنے پیسوں اور محنت سے تعمیر کئے ہیں ۔ ان مسلم بھائیوں نے حکومت سے کہا کہ وہ اس رقم کو دیگر اغراض کیلئے خرچ کریں۔