وزیراعظم مودی کی بائیوپک 24 مئی کو ریلیز

ممبئی ۔ 3 مئی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی کی زندگی پر بنائی گئی فلم جس میں وویک اوبرائے نے مرکزی کردار ادا کیا ہے، کو اب ملک گیر پیمانے پر 24 مئی کو ریلیز کیا جائے گا۔ فلم کا ٹائٹل ’’پرائم منسٹر مودی‘‘ ہے۔ 23 مئی کو لوک سبھا انتخابات کے نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔ قبل ازیں فلم کو 17 اپریل کو ریلیز کرنے کا پروگرام تھا تاہم الیکشن کمیشن نے انتخابی عمل کے دوران فلم کی ریلیز پر امتناع عائد کردیا تھا۔ اس موقع پر فلم کے پروڈیوسر سندیپ سنگھ نے امید ظاہر کی کہ سنیما ہالس میں عوام اس فلم کو دیکھنے ضرور آئیں گے جس کے ڈائرکٹر اومنگ کمار ہیں۔ فلم میں وویک اوبرائے کے علاوہ بومن ایرانی، منوج جوشی، پرشانت نارائنن، زرینہ وہاب، برکھاسین گپتا اور درشن کمار نے بھی اہم کردار ادا کئے ہیں۔ آنند پنڈٹ اور وویک اوبرائے کے اداکار والد سریش اوبرائے فلم کے معاون پروڈیوسر ہیں۔